دہشت گردی کے متاثرین کے مصائب کو فلموںمیں بیان کریں / لیفٹنٹ گورنر کی فلم سازوں سے اپیل

سرینگر 12 نومبر

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے آج سرینگر میںوومیدھ گروپ کے زیر اہتمام انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ” ہمیں معاشرے میں موجود ہر دہشت گرد عنصر کو ختم کرنا ہو گا تا کہ امن کو مکمل طور پر بحال کیا جا سکے اور اس کوشش کیلئے عوام کے تمام طبقات کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ “
لیفٹنٹ گورنر نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ ایسی فلمیں بنائیں جو دہشت گردی کے متاثرین کی تکالیف کو بیان کریں ، دیشت گردی کے ایکو سسٹم کے سرغنوں کو بے نقاب کریں اور اگست 2019 کے بعد کی تبدیلی کو اجاگر کریں ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا ” لوگوں کو امن کے دشمنوں کو بے نقاب کرنا چاہئیے اور ان کے بارے میں پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو معلومات فراہم کرنی چاہئیے تا کہ معاشرے میں چھپے ہوئے پورے دہشت گردی کے ایکو سسٹم کو ختم کیا جا سکے اور پڑوسی ملک کی بُری نیتوں کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے ۔ “
لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ گذشتہ 5-6 برسوں کی انتھک ، مخلصانہ محنت اور جموں و کشمیر پولیس ، فوج ، انٹیلی جنس اور سیکورٹی فورسز کی بہت سی قربانیوں کے بعد ہم جموں و کشمیر میں خوف سے پاک ماحول قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور نوجوانوں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے ایک محفوظ ، معاون اور جامع نظام قائم کیا ہے ۔
سنہا نے کہا ” معاشرے کو مل کر اس امن ، ترقی ، خوشی اور نئی امید کی حفاظت کرنی چاہئیے ۔ “

انہوں نے یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے فلم شوٹنگ کو آسان بنانے اور جموں و کشمیر کے فلم انڈسٹری سے رشتے کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا اشتراک کیا ۔
انہوں نے فلم سازوں سے تفریح اور سماجی ذمہ داری کے درمیان توازن قایم کرنے کی اپیل بھی کی ۔
منوج سنہا نے کہا ” سنیما سماجی بیانیوں کو تشکیل دینے ، ثقافتی اتحاد کو فروغ دینے اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ترین آلہ ہے ۔ “

Comments are closed.