بورڈ نے ضمنی اِنتخابات کے پیش نظر دسویں جماعت کیلئے نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ جاری کیا
سری نگر/03نومبر
جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (جے اینڈکے بوس) نے دسویں جماعت کے سالانہ / ریگولر اِمتحانات 2025 (اکتوبر۔نومبر سیشن) کے بقیہ مضامین کے لئے نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ جاری کیا ہے۔
بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی حلقوں میں 11 نومبر کو ہونے والے اسمبلی ضمنی اِنتخابات کی وجہ سے ڈیٹ شیٹ پر نظر ثانی کی ضرورت پڑ گئی۔
نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق ووکیشنل مضامین کا اِمتحان اب 6 نومبر کو ہوگا جس کے بعد سائنس کا اِمتحان 13 نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔
اردو اور ہندی مضامین کا اِمتحان 17 نومبر کو ہوگا جبکہ کمپیوٹر سائنس کا اِمتحان اَب 19 نومبر کو لیا جائے گا۔
انگریزی کا اِمتحان 20 نومبر کو اور ہوم سائنس کا اِمتحان 23 نومبر کو ہوگا۔اِسی طرح اِضافی و اختیاری مضامین جیسے کشمیری، ڈوگری، بھوٹی، پنجابی، عربی، اردو، ہندی، فارسی اور سنسکرت شامل ہیں، کا اِمتحان 24 نومبر کو لیا جائے گا جبکہ 25 نومبر کو موسیقی اور 26نومبر کو سوشل سائنس مضمون کا اِمتحان ہوگا اور اِمتحان 27 نومبر کو ختم ہوگا جس دن پینٹنگ ، آرٹ اینڈ ڈرائنگ کا اِمتحان لیا جائے گا۔
بورڈ نے طالب علموں پر زور دیا ہے کہ وہ گھبرائے بغیر نظر ثانی شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق اِمتحان کی تیاری کریں۔
بورڈ نے چیف ایجوکیشن اَفسران، اِدارہ جاتی سربراہان اور نگران عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ نظرثانی ڈیٹ شیٹ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور اُمیدواروں کو تمام مواصلاتی ذرائع سے نئی تاریخوں کے بارے میں مطلع کیا جائے۔
Comments are closed.