لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات
لہیہ،3 نومبر
لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے آج دارالحکومت نئی دہلی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور خطے کی سلامتی، بہبود اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آپریشن سدبھاونا کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے پر تفصیلی بات چیت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس آپریشن کے تحت عوامی بہبود، تعلیمی سہولیات، صحت اور نوجوانوں کے روزگار سے متعلق منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ لداخ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔
ملاقات کے دوران ہوائی رابطے کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے لداخ کے مختلف علاقوں کرگل، تھوئیس، چندی گڑھ اور لہیہ-دہلی کے درمیان ہوائی رابطے کو وسعت دینے کی تجویز پیش کی تاکہ عوام کو سفر میں سہولت، تجارتی سرگرمیوں میں بہتری اور سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ جغرافیائی حالات اور موسم کی شدت کے پیش نظر بہتر ہوائی رابطے خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس سے نہ صرف طبی ایمرجنسیز کے دوران تیز رفتار امداد ممکن ہو گی بلکہ عوام کو پورا سال ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے میں بھی مدد ملے گی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں انجام پائی اور دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لداخ کی فلاح و بہبود کے لیے مرکزی اور مقامی سطح پر ہم آہنگ پالیسیوں کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا۔
Comments are closed.