بڈگام میں وائرل ویڈیو پر کارروائی، فاریسٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
سری نگر،9اکتوبر
جموں وکشمیر کےضلع بڈگام کےبرنہ وار جنگلاتی علاقے میں ایک وائرل ویڈیو سامنے آنے کے بعد، جس میں چند سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو سبز چراگاہوں پر گاڑیاں دوڑاتے ہوئے دیکھا گیا، انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات کی شکایت پر پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں انڈین فاریسٹ ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد ماحولیاتی کارکنوں اور مقامی شہریوں نے اس عمل کی شدید مذمت کی تھی اور قدرتی ماحول کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر بلال بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک صارف کے سوال کے جواب میں کہا: ’انڈین فاریسٹ ایکٹ کے تحت کارروائی پہلے ہی شروع کر دی گئی ہے۔‘
فارسٹ محکمہ نے وائرل ویڈیو کی جانچ کے بعد اس مقام کی تصدیق کی اور ایک باقاعدہ تحریری شکایت پولیس کے پاس درج کروائی جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ گاڑیوں کا ایک قافلہ سرسبز چراگاہوں اور نازک ماحولیاتی علاقے سے گزرتا ہوا مقررہ راستوں سے ہٹ کر جنگلات میں داخل ہو رہا ہے، جس پر عوامی حلقوں نے برہمی کا اظہار کیا۔
محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ:’ہم نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ جنگلات میں آف روڈنگ یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے پرہیز کریں۔ مستقبل میں ایسے کسی عمل میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ فطرت کے ساتھ چھیڑچھاڑ ناقابلِ برداشت ہے اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔
Comments are closed.