آئی جی کشمیر نے سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سخت نگرانی کی ہدایت
سری نگر،29ستمبر
کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردی نے ایک اہم سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں وادی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور جرائم کے انسداد کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پولیس کنٹرول روم کشمیر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اس اجلاس میں تمام رینج ڈ آئی جیز، ضلع کے ایس ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر رینج ڈ آئی جیز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے اضلاع میں جرائم اور سیکورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
پولیس کے مطابق اجلاس میں امن و قانون کی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، عوامی تحفظ اور دیگر اسٹریٹجک امور پر سیر حاصل تبادلۂ خیال کیا گیا۔ خاص طور پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کارروائیوں، دہشت گرد تنظیموں میں بھرتی کے انسداد، ضلع سطح پر سیکورٹی گرڈ کو مستحکم بنانے اور دہشت گرد عناصر کی جائیداد ضبطگی جیسے موضوعات پر زور دیا گیا۔
آئی جی پی کشمیر نے اجلاس کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سخت نگرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افواہوں، گمراہ کن پروپیگنڈے اور ملک مخالف مواد کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
منشیات کے پھیلاؤ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے برڈی نے افسران کو ہدایت دی کہ انسدادِ منشیات کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے، منشیات کے سوداگر اور نیٹ ورکس پر قریبی نگرانی رکھی جائے اور ان کے خاتمے کے لئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کمیونٹی آؤٹ ریچ اور بحالی پروگراموں کو بھی جامع حکمت عملی کا حصہ بنایا جانا چاہئے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں ضلع وار سیکورٹی پلان پر بھی غور کیا گیا جس میں اہم تنصیبات، حساس مقامات اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔
آئی جی پی کشمیر نے انٹیلی جنس کو مزید فعال بنانے، فوری ردعمل کے نظام کو مضبوط کرنے، حساس علاقوں میں شبانہ گشت اور اینٹی نیشنل عناصر پر سخت نگرانی رکھنے کی ہدایات دیں۔
انہوں نے ضلع سربراہان کی جرائم کی روک تھام کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بردی نے کہا کہ افسران کو ہمیشہ چوکس، جوابدہ اور عوام دوست رویہ اپنانا چاہئے۔
Comments are closed.