کپواڑہ میں چار منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ نشیلی اشیائ برآمد: پولیس

سری نگر،21 اگست

جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو اپنی منشیات مخالف مہم کے دوران کپوارہ ضلع میں 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمد کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کپواڑہ پولیس نے مسجد مرشیدین کے نزدیک قائم ایک چیک پوائنٹ پر دو مشتبہ افراد کو روکا، جو فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دونوں کو دھر دبوچا اور جامہ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ہیروئن جیسی نشیلی اشیائ برآمد ہوئی۔ گرفتار شدگان کی شناخت عمیر ابن فیاض ولد فیاض احمد میر ساکن ریگی پورہ اور کاشف الاسلام ولد محمد سلطان بٹ ساکن بٹیرگام کے طور پر ہوئی ہے۔

اسی طرح دوسری کارروائی میں پولیس تھانہ لالپورہ کی ایک ٹیم نے رنگورڈ میں ناکہ چیکنگ کے دوران دو مزید مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ ان کی تلاشی کے دوران چرس نما مادہ برآمد ہوا۔ گرفتار شدگان کی شناخت منظور احمد بھٹ ولد عبد الرحمن بٹ ساکن کروسن اور عابد شفیع میر ولد محمد شفیع ساکن دھرمواری کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ چاروں ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

Comments are closed.