زائد المعیاد گوشت کی برآمدگی کا معاملہ: قصوار واروں کو بخشا نہیں جائےگا:وزیر صحت
سری نگر08اگست
وادی کشمیر میں گلا سڑا اور زائد المعیاد گوشت کی مسلسل برآمدگی کے بعد جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے اعلان کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے پر سرکار سخت ایکشن لے گی۔
انہوں نے کہا کہ بازاروں میں دستیاب غیر معیاری اور زائد المیعاد گوشت نہ صرف انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ یہ ممکنہ طور پر ہارٹ اٹیک، کینسر، برین ہمریج اور دیگر مہلک بیماریوں کی ایک بڑی وجہ ہو سکتا ہے۔
سکینہ ایتو نے کہا، ’ہم دیکھ رہے ہیں کہ اچانک لوگوں کو ہارٹ اٹیک آتے ہیں، کسی پر غشی طاری ہوتی ہے اور بعد میں پتہ چلتا ہے کہ وہ کینسر میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹروں کے لیے بھی یہ ایک تشویشناک پہلو ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں دل کے دورے، برین ہمریج اور کینسرکے کیسز سامنے آ رہے ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ اس کی ایک بڑی وجہ یہی گندی اور غیر معیاری اشیاء ہیں جو بازار میں فروخت ہو رہی ہیں۔‘
انہوں نے یقین دلایا کہ اس معاملے میں مکمل تحقیقات ہوں گی اور جو بھی اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر صحت کے مطابق، سرکار نہ صرف ملوثین کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور مستقل اقدامات بھی کرے گی۔
Comments are closed.