کشمیر میں بھی 74ویں آئینی ترمیم فوری نافذ کی جائے: ایجیک صدر

سری نگر،22جولائی

ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ای جے اے سی) کے صدر وجاہت حسین نےمنگل کے روز حکومت سے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں 74ویں آئینی ترمیم کو بلا تاخیر نافذ کیا جائے، بالخصوص وادی کشمیر میں، جہاں اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہو پایا ہے۔

سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وجاہت حسین نے کہا کہ جموں میں اس ترمیم کو بغیر کسی مزاحمت یا رکاوٹ کے لاگو کیا گیا، تو پھر کشمیر میں اس میں تاخیر کیوں؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دوہرے معیار سے گریز کرتے ہوئے وادی کے عوام کو بھی وہی اختیارات اور سہولیات فراہم کرنی چاہئیں جو ملک کے دیگر حصوں میں دی گئی ہیں۔

وجاہت حسین نے مزید کہا کہ 74ویں آئینی ترمیم شہری بلدیاتی اداروں کو خود اختیاری، مالی اور انتظامی طاقت فراہم کرتی ہے اور اس کے نفاذ سے مقامی حکومتیں مضبوط ہوں گی، جو جمہوریت کی روح ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ جمہوریت کی بنیاد عوام کی شرکت ہے، اور جب تک مقامی اداروں کو با اختیار نہیں بنایا جائے گا، تب تک حقیقی معنوں میں عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔

ای جے اے سی صدر نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں تاخیر ختم کی جائے اور وادی کشمیر میں بھی فوری طور پر 74ویں ترمیم کو نفاذ کیا جائے تاکہ مقامی ترقیاتی ڈھانچے کو مضبوط بنیاد فراہم ہو۔

Comments are closed.