کشتواڑ میں دو جرائم پیشہ افراد پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند

جموں،22جولائی

جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں انتظامیہ نے جرائم میں ملوث دو افراد کو ‘پبلک سیفٹی ایکٹ’ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ افراد ضلع میں متعدد چوری اور نقب زنی کے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت محمد رضوان ساکن گوریاں اور راہل سنگھ چب ساکن ہماچل پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے خلاف کئی ایف آئی آرز درج ہیں۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کشتواڑ پنکج کمار شرما نے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ڈوزیئرز کا بغور جائزہ لینے کے بعد ان کے خلاف پی ایس اے کے تحت نظر بندی کے احکامات صادر کیے۔ مجسٹریٹ نے مشاہدہ کیا کہ دونوں افراد مسلسل جرائم، خصوصاً چوری اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جو عوامی امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ڈی ایم پنکج شرما نے کہا کہ ایسے عناصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو ترقیاتی کاموں میں رخنہ ڈالنے یا امن عامہ کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ریاست کے امن و امان کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی اور ضلع میں اہم قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

Comments are closed.