پولیس سربراہ کا دورہ ڈوڈہ ، کشتواڑ اور رام بن ، آپریشنل تیاریوں اور سیکورٹی صورتحال کا لیا جائزہ

سرینگر /18جولائی /

ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات نے ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ کے پہاڑی اضلاع میں سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشنوں کا جائزہ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ بھدرواہ اور بٹوٹ کے علاقوں کا دورہ کرنے والے ڈی جی پی نے ان اضلاع کے اونچے علاقوں میں چھپے موجودہ اور نو تشکیل شدہ دہشت گرد گروپوں کو ختم کرنے پر زور دیا۔اس دوران ڈی جی پی نے انٹیلی جنس گرڈ کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور کامیاب آپریشن کرنے پر توجہ دی۔

ایک پولیس افسر نے بتایا”ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں سیکورٹی، امن و امان کی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے بٹوٹ میں رینج پولیس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا“۔انہوں نے کہا کہ پولیس سربراہ کو اپنے دورے کے دوران ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شریدھر پاٹل اور دیگر ضلعی پولیس سربراہوں نے بریفنگ دی۔افسر نے مزید کہا”امرناتھ یاترا کیلئے تعیناتی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے بھدرواہ میں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی“۔
امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں سول اور پولیس انتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے انٹیلی جنس گرڈ کو مضبوط بنانے، آپریشنز کی کامیابی پر توجہ مرکوز کرنے اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے ان اضلاع کے بالائی علاقوں میں چھپے موجودہ اور نئے دہشت گرد گروپوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک دشمن عناصر کے اوور گراو¿نڈ سپورٹ نیٹ ورکس کو ختم کرنے پر خصوصی زور دیا۔

Comments are closed.