یاترا کا پہلا قافلہ وادی کشمیر پہنچ گیا ،مقامی لوگوں اور انتظامیہ نے کیا والہانہ استقبال

سرینگر /02جولائی /

سالانہ امرناتھ یاترا 2025کی شروعات کے ساتھ ہی پہلا قافلہ وادی کشمیر پہنچ گیا جس دوران انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔ قاضی گنڈ ٹنل سے لیکر سرینگر تک یاترا کا کئی مقامات پر مقامی لوگوں اور انتظامیہ کے افسران نے دل کھول کر استقبال کیا ۔ خیال رہے کہ 5892یاتریوں کے پہلے کھیپ کو جموں کے بھگوتی نگر میں یاترا بیس کیمپ سے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں ان کی آمد پر، یاتریوں کے قافلوں کا کولگام، اننت ناگ اور سرینگر اضلاع میں انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے پرجوش استقبال کیا۔

یاتری جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں نویوگ سرنگ کے ذریعے وادی پہنچے، جہاں جنوبی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اور کولگام کے ڈپٹی کمشنر نے ان کا استقبال کیا۔بی جے پی لیڈر رویندر رینا بھی ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے یاتریوں کا ہار، پھولوں کے گلدستے، مٹھائیاں اور پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا۔

یہ قافلے بالتال اور پہلگام بیس کیمپ کے لیے الگ الگ روانہ ہوئے، جہاں سے وہ جمعرات کی صبح گھپا مزار کے لیے روانہ ہوں گے۔حکام نے بتایا کہ پہلگام کے نونوان بیس کیمپ اور شہر کے نوگام علاقے میں بھی یاتریوں کا استقبال کیا گیا، جب وہ بیس کیمپ کی طرف جارہے تھے۔

Comments are closed.