کالجوں کی گرمائی تعطیلات میں اتوار تک توسیع، اسکولوں کیلئے موسم صورتحال کو دیکھ کر فیصلہ ہوگا / سکینہ ایتو

سرینگر /02جولائی /

وادی بھر میں جاری گرمی کی تپش کے بیچ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کالجوں کیلئے گرمائی تعطیلات کو اتوار تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور موسمی پیشگوئی کے مطابق فیصلہ ہوگا ۔

پلوامہ میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے کالجوں میں گرمائی تعطیل بڑھائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا ” چونکہ کالجوں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے قریب ہیں، ہم نے گرمی کی لہر کی وجہ سے ان میں اتوار تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے“۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ لینے سے پہلے موسمی حالات کی سرگرمی سے نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک اسکولوں کی چھٹیوں کا تعلق ہے، ہم موسم کی پیشن گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد ہی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔کالجوں کے لیے گرمیوں کی تعطیلات پہلے 4 جولائی کو ختم ہونے والی تھیں، جب کہ اسکولوں کی چھٹیاں 7 جولائی کو ختم ہونے والی ہیں۔

Comments are closed.