پٹن میں نوجوان اور لولاب میں کم عمر طالب علم نہانے کے دوران ڈوب کر لقمہ اجل

سرینگر /09جون /

وادی کشمیر میں گرمیوں میںاضافہ کے ساتھ ہی غر قابی کے بڑھتے واقعات کے بیچ شمالی قصبہ پٹن کے چنہ بل علاقے میں ایک نوجوان ندی میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا جبکہ لولاب میں 15سالہ کم عمر طالب علم تالاب میں نہانے کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ۔

نمائند ے کے مطابق پٹن کے چنہ بل علاقے میں ایک نوجوان ندی میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا ۔ نمائندے نے عین شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تاج الحسین ڈار ساکنہ چنہ بل پٹن ندی میں ڈوب جانے کے بعد بے ہوش ہو گیا جس کے بعد اس کو اگر چہ وہاں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا ۔

ادھر جونہی علاقے میں نوجوان کے غرقابی کے بعد موت کی خبر پھیل گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی ۔ پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر لولاب سے نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ لولا ب کے دار پورہ میں کم عمر نوجوان نہانے کیلئے قریبی تالاب میں گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر طالب علم کی شناخت محمد عمران میر (15) ولد محمد اقبال میر ساکن نجار محلہ دار پورہ در پورکے بطور ہوئی ہے ۔ پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔

Comments are closed.