گنڈولہ سروس کمپنی کی منظوری کے بعد بحال ،ریسکیو میں حصہ لینے والے ملازمین کیلئے 50 ہزار روپے انعام / عمر عبد اللہ

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں بحال شدہ سروس کا افتتاح کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گنڈولہ مستقبل میں بھی ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اپنی عبوری رپورٹ پیش کی، جس کی بنیاد پر پوما کمپنی نے مرمت کے کام اور سروس کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ کمپنی کی مکمل اطمینان بخش تصدیق کے بعد ہی گونڈولا سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خراب گیئر باکس کو کیبل کار کارپوریشن نے چار سے پانچ دن کے اندر تبدیل کر دیا تھا، تاہم حکومت نے حفاظتی تقاضوں کو ترجیح دیتے ہوئے سروس کو فوری طور پر بحال نہیں کیا۔انہوں نے کہا، ”اگر ہم جلدبازی کرنا چاہتے تو پانچویں دن ہی گنڈولہ دوبارہ چل سکتی تھی، لیکن ہم نے فیصلہ کیا کہ کمپنی کی باضابطہ منظوری کے بغیر سروس بحال نہیں کی جائے گی۔“
اس موقع پر عمر عبداللہ نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے گلمرگ گنڈولہ پروجیکٹ کے ملازمین کیلئے 50 ہزار روپے فی کس انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم ہنگامی صورتحال میں ان کی خدمات اور لگن کے اعتراف کے طور پر دی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ ریسکیو آپریشن میں شریک کیبل کار کے چھ ملازمین کو مستقل ملازمت فراہم کر دی گئی ہے جبکہ دیگر ملازمین کو بھی مرحلہ وار مستقل کیا جائے گا۔

Comments are closed.