تولہ مولہ گاندربل میں میلہ کھیر بھوانی میں ہزاروں پنڈتوں کی شرکت ، خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام
ریاض بٹ
ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں واقع کھیر بھوانی کے مندر میں سالانہ میلے میں ہزاروں کی تعداد میں کشمیری پنڈتوں کے علاوہ بیرون ریاستوں سے آئے ہوئے شردھالو نے شرکت کی۔ اس موقعے پر مندر میں خصوصی پوجاپاٹ کا اہتمام کیا گیا تھا اور جموں کشمیر کے امن و بھائی چارے کےلئے پراتھنا کی گئی ۔
اطلاعات کے مطابق وسطی ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں میلہ کھیر بھوانی مذہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جس میں وادی سے باہر مختلف ریاستوں میں مقیم ہزاروں کشمیری پنڈتوں نے حصہ لیا جبکہ ضلع انتظامیہ کے افسران اور پولیس افسران بھی میلے میں حاضر رہے ۔ اس دوران میلے کو احسن طریقے سے منعقد کرنے کےلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے معقول انتظامات کئے گئے تھے جبکہ تولہ مولہ مندر کے ارد گرد حفاظت کے بھی کڑے بندوبست تھے ۔
اس موقعے پروسطی ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں واقع کھیر بھوانی مندر میں صدیوں پُرانی رویت کو برقرار رکھتے ہوئے مقامی مسلمانوں نے کشمیری پنڈتوں کےلئے پوجاپاٹ اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا اور مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے کشمیری پنڈتوں کا والہانہ استقبال کیا ۔میلے کے دورا ن کھیر بھوانی مندرمیں خصوصی پوجا ارچنا کا بھی اہتمام کیا گیا اور جموں کشمیر میں قیام امن کےلئے خصوصی پراتھنا بھی کی گئی۔
اس سلسلے میں ضلع گاندربل میں تولہ مولہ کے مقام پر زبردست چہل پہل اور گہماگہمی نظر آرہی ہے جہا ں چاروں طرف خوشی اور انبساط کا موسم ہے۔انتظامیہ نے میلے کے احسن انعقاد کیلئے خاصے انتظامات کررکھے ہیں۔میلے میں شریک ہونے والے کشمیری پنڈتوں نے اس موقعے پر مقامی مسلمانوں کا شکریہ اداکیا اور اس بات کی ایک بار پھر امید ظاہر کی کہ کشمیری پنڈت واپس اپنے وطن کو آئیں گے جہاں پر وہ سکھ برادی اور مسلم برادری کے ساتھ مل جل کر زندگی گزاریں گے ۔ اس دوران انہوں نے ضلع انتظامیہ کا بھی شکریہ اداکیا جنہوں نے میلے کےلئے بہتر انتظامات کئے تھے ۔
Comments are closed.