احمد آباد طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی تین ماہ میں رپورٹ دے گی

نئی دہلی 14 جون

شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے ہفتہ کو کہا کہ احمد آباد طیارہ حادثہ کی تحقیقات کے لئے مرکزی داخلہ سکریٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تین ماہ کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔

مسٹر نائیڈو نے یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ پیر کو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی کسی بھی دیگر تحقیقات سے آزادانہ طور پر کام کرے گی اور اس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں شہری ہوابازی کے تحفظ کے معیارات اعلیٰ سطح کے ہیں، جس کا تذکرہ غیر ملکی ایجنسیوں نے بارہا کیا ہے، اس کے باوجود یہ المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حفاظتی معیار کے مطابق بوئنگ 787 طیاروں کی مکمل چھان بین کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک میں آپریشن میں شامل اس زمرے کے تمام طیاروں کی جانچ کی جائے گی۔

Comments are closed.