فعہ 370کی بحالی کے لئے اگر انڈیا الائنس وعدہ کرئے تو حمایت دینے کے لئے تیار ہوں :انجینئر رشید

سری نگر12 ستمبر

شمالی کشمیر کے رکن پارلیمان اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید کا کہنا ہے کہ وہ انڈیا الاینس کو حمایت دینے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ وہ انہیں پارلیمنٹ میں دفعہ 370کی بحالی کے لیے ایک قرار داد پیش کرنے کی تحریری یقین دہانی دیں۔

سری نگر میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران شمالی کشمیر کے ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید نے واضح کیا ہے کہ ان کی پارٹی انڈیا اتحاد کومکمل حمایت کرئے گی اگر وہ پارلیمنٹ میں دفعہ 370کی بحالی کے لئے قراردادپیش کرنے کی یقین دہانی کرائے۔
انہوں نے کہاکہ اگر تحریری طورپر انڈیا اتحاد یقین دہانی کراتا ہے تو عوامی اتحاد پارٹی اسمبلی انتخابات میں انڈیا الائنس کو مکمل حمایت دے گی۔

انجینئر رشید نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں عوامی اتحاد پارٹی کے امیدواروں کے حق میں لوگوں کو اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے۔
ان کے مطابق کم از کم 40نشستوں کے لئے ہم لوگوں سے دست تعاون چاہتے ہیں تاکہ نئے کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔
انجینئر رشید نے واضح کیا کہ وہ نہ پاکستان کے ایجنٹ ہیں اور نہ ہی بھارت کے دشمن ۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ پر طنز کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہاکہ این سی نے ایک تفصیلی منشور جاری کیا جس میں کئی وعدئے کئے گئے ہیں لیکن جب این سی اقتدار میں تھی تو ان وعدوں کوعملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئی دہلی جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ کے دستخط کے بغیر افضل گورو کو تہاڑ میں کیسے پھانسی دے سکتی تھی۔
انجینئر رشید نے کہا:’مجھ پر انگلیاں اٹھانا آسان ہے، لیکن تہاڑ میں دن بھی گزارنا آسان نہیں ۔
عمر عبداللہ اور پی ڈی پی کو بھی دفعہ 370کی منسوخی کے دوران سب جیل میں نظر بند رکھنے کے بارے میں جب انجینئر رشید سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ تہارڑ جیل میں پانچ سال کا وقت گزارنا اور آرام دہ ایس کے آئی سی سی میں کچھ وقت گزارنے میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا :’سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے سال 2014کے اسمبلی انتخابات کے دوران جموں وکشمیر میں بی جے پی کے داخلے کو روکنے کی خاطر لوگوں سے ووٹ مانگا تھا لیکن پھر کیا ہوا اسی پی ڈی پی نے بی جے پی کو لانچنگ پیڈفراہم کرکے لوگوں کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ ‘
انجینئر رشید نے کہاکہ ان کی لڑائی پی ایم مودی کے نئے کشمیر بیانیہ کے خلاف ہے، کیونکہ وزیر اعظم کا بیانیہ کشمیر میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو چکا ہے۔

Comments are closed.