وزیر اعظم نے سرینگر میں طلبا کے ساتھ سلفیاں لیں

سری نگر، 21 جون (یو این آئی)

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی صبح جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں یوگا کے دسویں عالمی دن کے موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا کے ساتھ سلفیاں لیں انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ’سری نگر میں ما بعد یوگا سلفیاں، یہاں جھیل ڈل کا مثالی ارتعاش وزیر اعظم نے اپنے ایکس پیج پر طلبا کے ساتھ کچھ سلفیاں شیئر بھی کیں۔

انہوں نے سفید لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور سری نگر میں صبح کو ہوئی بارشوں کی وجہ سے سویٹر بھی لگا رکھا تھا اور اعتراف کیا کہ یہاں بارشوں سے سردی پیدا ہوجاتی ہے لیکن اس سے یہاں کے مقامی لوگوں پر کوئی خاص اثر نہیں پڑتا ہے۔

وادی کے بیشتر علاقوں میں جمعہ کی صبح بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

سلفیوں میں وزیر اعظم کے ساتھ سفید لباس میں ملبوس بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری ہوئی دیکھی گئیں اور وہ انتہائی خوش نظر آ ئے اور کچھ خوشی میں اپنے ہاتھ بھی بلند کر رہے تھے۔

بتادیں کہ قبل ازیں وزیر اعظم نے ایس کے آئی سی سی کے اندر دسویں عالمی یوگا ڈے کی تقریب کی قیادت کی جس کا موضوع ’اپنے آپ اور سماج کے لئے یوگا‘ تھا

Comments are closed.