جموں,کشمیر اور لداخ کی چھ نشستوں پر این سی نے 2، بی جے پی نے 2اور آزاد امیدوار دو سیٹیوں پر کامیاب

سری نگر،04 جون

جموں وکشمیر اور لداخ کی چھ لوک سبھا نشستوں پر نیشنل کانفرنس نے دو ، بی جے پی نے دو اور آزادامیدواروں نے دو سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔محبوس لیڈر انجینئر رشید نے بارہ مولہ پارلیمانی نشست پر زائد از دو لاکھ ووٹوں سے جیت حاصل کرکے سب کو وطیرہ حیرت میں ڈال دیا۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر اورلداخ کی چھ پارلیمانی نشستوں پر امیدواروں کی جیت کا اعلان کیا گیا ہے۔
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے سری نگر اور اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر جیت حاصل کی۔ عوامی اتحاد پارٹی کے محبوس لیڈر اور آزاد امیدوار عبدالرشید شیخ عرف انجینئر رشید نے ایک بڑے مارجن سے بارہ مولہ پارلیمانی نشست پر جیت حاصل کرکے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور سجاد لون کو شکست سے دو چار کیا۔سال 2019 کے پارلیمانی انتخابات کے چند ماہ بعد ہی 5 اگست کو جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کو ختم کر دیا گیا اور اس کو دو حصوں میں منقسم کر دیا گے۔اسی برس انجینئر رشید کو مبینہ ملی ٹینسی فنڈنگ کیس میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے تہاڑ جیل دلی میں بند کر دیا گیا۔ان کی غیر موجودگی میں ان کے بیٹوں ابرار رشید اور اسرار رشید نے اپنے والد کے حق میں الیکشن مہم چلائی اور ہمدردی کی بنیاد پر لوگوں کا ووٹ حاصل کیا۔
انجینئر رشید نے اپنے حریف عمر عبداللہ کو 2لاکھ 41ہزار ووٹوں سے ہرا کر ایک تاریخ رقم کی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعداد وشمار کے مطابق انجینئر رشید نے بارہ مولہ پارلیمانی حلقے میں 4لاکھ 72ہزار 481ووٹ حاصل کرکے جیت حاصل کی۔
عمر عبداللہ نے دوسرے نمبر پر 2لاکھ 68ہزار 339ووٹ حاصل کئے جبکہ پیپلز کانفرنس کے سجاد لون نے 1لاکھ 73ہزار 239ووٹ حاصل کئے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے ووٹ شماری ختم ہونے سے قبل ہی اپنی ہار تسلیم کرتے ہوئے اپنے حریف انجینئر رشید کو مبارکباد پیش کی۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے منگل کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں سمجھتا ہوں کہ ناگزیر کو تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے میں انجینئر رشید کو شمالی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔
بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کے امید وار پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے ہار تسلیم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں انتہائی انکساری کے ساتھ ہار تسلیم کرتا ہوں اور انجینئر رشید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔انہوں نے کہا: ‘میں سمجھتا تھا کہ ہمیں اقتصادی، معاشرتی اور سیاسی طور پر خود مختار بنایا جانا چاہئے تھا تاکہ ہماری بھی ایک پہچان بن سکے، ہمیں گذشتہ 30 برسوں سے بے تحاشا نقصان اٹھانا پڑا اور ہم سے ہمارا وقار تک چھین لیا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘لوگوں کا منڈیٹ حتمی ہے اور میں لوگوں کے منڈیٹ کو انتہائی انکساری کے ساتھ تسلیم کرتا ہوں’۔
ادھر راجوری اننت ناگ پارلیمانی نشست پر نیشنل کانفرنس کے امیدوار اور معروف گوجر لیڈر میاں الطاف نے تاریخی جیت حاصل کی۔
میاں الطاف نے نے کل ملا کر 5لاکھ 21ہزار 836ووٹ حاصل کئے جبکہ محبوبہ مفتی کو دو لاکھ 40ہزار 42ووٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔
محبوبہ مفتی جو اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کی امید وار ہیں، نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں لوگوں کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اپنے لیڈروں اور کارکنوں کی محنت اور تمام تر مشکلات کے با وجود ان کی حمایت کے لئے ان کی مشکور ہوں’۔انہوں نے کہا: ‘میں ان لوگوں کی بھی تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے میرے حق میں ووٹ ڈالے’۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘ہار جیت کھیل کا ایک حصہ ہے اور یہ ہمیں اپنے راستے پر چلنے سے باز نہیں رکھا سکتا’۔
سری نگر پارلیمانی نشست پر این سی لیڈر آغا روح اللہ بڈگامی نے پی ڈی پی لیڈر وحیدالرحمن پرہ کو ایک لاکھ 88ہزار 416ووٹوں سے شکست دی۔آغا روح اللہ نے کل ملا کر 3لاکھ 56ہزار 866ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل امیدواروں جن میں وحید پرہ نے 1لاکھ 68ہزار 450اور اپنی پارٹی کے اشرف میر نے 65ہزار 954ووٹ حاصل کئے۔
دریں اثنا جموں صوبے سے بی جے پی نے دونوں پارلیمانی نشستوں پر جیت حاصل کی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق موجودہ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے چودھری لال سنگھ کو ایک لاکھ 24ہزار ووٹوں سے ہرایا۔ جموں نشست پر جگل کشور نے کانگریس لیڈر رمن بھلا کو 1لاکھ 31ہزار 540ووٹوں سے شکست دی۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق ادھم پور پارلیمانی نشست پر بی جے پی کے امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کل ملا کر 5لاکھ 71ہزار 76جبکہ جگل کشور نے جموں سیٹ پر 6لاکھ 77ہزار 571ووٹ حاصل کئے۔ لداخ یونین ٹریٹری سیٹ پر اس بار آزاد امیدوار حنفیہ جان نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس نشست پر جے پی کے تاشی گیالسن اور کانگریس کے سیرنگ نمگیال نے آزاد امیدوار کو ٹکر تو دی لیکن بعد ازاں جیت آزاد امیدوار کو ہی حاصل ہوئی۔حنیفہ جان نے کانگریس اور بی جے پی امیدواروں کو 28ہزار 616ووٹوں سے ہرایا۔

Comments are closed.