پونچھ میں چھٹے روز بھی تلاشی آپریشن جاری ، کئی مشتبہ افراد گرفتار
پجموں،09مئی
جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے گرسائی علاقے میں چھٹے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔ سیکورٹی فورسز نے زائد از 20افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر گرفتار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے گرسائی علاقے میں جمعرات کے روز بھی بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ گرسائی سرنکوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کی گاڑیوں پر ہوئے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے متعدد علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی مدد و اعانت کرنے والوں کی بھی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ پانچ روز کے دوران دو مشتبہ افراد سمیت 20 لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق فوج ، ایس او جی اور سی آر پی ایف کے ایک ہزار جوانوں کو سرنکوٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حملہ آوروں کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر جنگلی علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نگرانی کا عمل تیز کیا گیا ہے جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے جنگلی علاقوں کو کھنگالاجارہا ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے گھنے جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ گھنے جنگلات میں حملہ آوروں کو تلاش کرنا کافی کٹھن کام ہے جس کے پیش نظر اضافی دستوں کو جنگلی علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
Comments are closed.