پونچھ میں مشکوک افراد کی نقل وحرکت پر فوج کی فائرنگ، کرشنا گھاٹی سیکٹر میں پاکستانی ڈرون دیکھا گیا
جموں،17مارچ
پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کے نزدیک مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد فوج نے ہوائی فائرنگ کی جبکہ کرشناگھاٹی سیکٹر میں ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون دیکھا گیا۔
اطلاعات کے مطابق درمیانی شب پونچھ سیکٹر کے بیتاڈ پل کے نزدیک مشکوک افراد کی نقل وحمل کے بعد فوج نے چار سے پانچ راونڈ فائر کئے۔ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد فوج اور ایس او جی نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔دفاعی ذرائع نے ایل او سی کے نزدیک جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فورسز کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
دریں اثنا پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں فوج نے ایک پاکستانی ڈرون دیکھا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسزنے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بھی تلاشی آپریشن لانچ کیا جس دوران فورسزنے کئی جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے لیا ہے۔بتادیں کہ پونچھ اور راجوری میں ایل او سی کے نزدیک سیکورٹی فورسز کی چوکسی بڑھائی گئی ہے جبکہ مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشکوک افراد کی نقل وحمل کے بارے میں فوری طور پر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کیا جائے۔
Comments are closed.