کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے لئے تمام انتظامات کو مکمل کیا گیا ہے: صوبائی کمشنر کشمیر
سری نگر،10فروری
صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ 21 فروری سے شروع ہونے والی کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے لئے تمام انتظامات کو مکمل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کشمیر میں برف باری بھی ہوئی ہے لہذا یہ گیمز 21 فروری سے باقاعدہ شروع ہوں گی۔
موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے لئے تمام تیاریوں کو مکمل کیا گیا ہے اور اب یہاں برف باری بھی ہوئی ہے لہذا یہ گیمز 21 فروری سے شروع ہوں گی’۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہاں سیاحتی مقامات و دیگر جگہوں پر بیت الخلا کا انتظام نہیں ہوتا تھا لیکن اب اس کمی کو بھی پورا کیا گیا ہے۔
بدھوری نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر ہی نہیں بلکہ ہائی وے پر بھی بیت الخلا کا انتظام نہیں ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب ان تمام مقامات پر بیت الخلا کا بندو بست کیا گیا ہے ان کی اچھی طرح سے دیکھ ریکھ کی جا رہی ہے۔کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں 21 فروری سے ہو رہا ہے۔ کھیلوں کا یہ ایونٹ 26 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔سرکاری ذرائع کے مطابق امسال اس ایونٹ میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قرب 4 سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔بتادیں کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا پہلا ایونٹ فروری اور مارچ سال 2020 میں لیہہ اور گلمرگ میں منعقد ہوا تھا۔
Comments are closed.