راجوری کے کئی علاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری
جموں،7نومبر
راجوری ضلع میں ایل او سی کے نزدیک سیکورٹی فورسز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے راجوری کے مندر گالا گاوں اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل کے روزلائن آف کنٹرول کے نزدیک کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران رہائشی مکانوں کی تلاشی کے ساتھ ساتھ جنگلی علاقے کو بھی کھنگالا جارہا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مقامی لوگوں کی جانب سے مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور فوج نے مشترکہ طورپرایل او سی کے قریب کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ فوج نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر چوکسی بڑھائی ہے۔بتادیں کہ دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ حد متارکہ پر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
Comments are closed.