جموں کشمیر میں سیاحتی سیزن عروج پر ،”سردیوں میں عوام کے گرم دل سیاحوں کے استقبال کیلئے تیار“ //عابد رشید شاہ
سرینگر/26اکتوبر/ایس این این//
جموں کشمیر میں سیاحتی سیزن عروج پر ہے کی بات کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت و ثقافت سید عابد رشید نے کہا کہ G20کے بعد ریکارڈ توڑ غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کی آمد ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا ”سردیوں میں عوام کے گرم دل سیاحوں کے استقبال کیلئے تیار ہے “ ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق سرینگر کے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت و ثقافت سید عابد رشید نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے کیونکہ اس سال ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد ریکارڈ توڑ رہی ہے جبکہ سردیوں میں مزید سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
عابد رشید نے کہا ” اس سال ہم سیاحوں میں تیزی دیکھ رہے ہیں۔ G20اجلاس کے بعدسیاحوں کی آمد، ملکی اور غیر ملکی دونوں ریکارڈ تعداد میں آ رہے ہیں۔ گلمرگ اور پہلگام جیسے روایتی موسم سرما کے سیاحتی مقامات کے علاوہ، ہم جموں و کشمیر میں مزید موسم سرما کے مقامات کی تلاش کر رہے ہیں“ انہوں نے کہا کہ سیاحت جموں و کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کا جی ایس ڈی پی کا تقریباً 7.2 فیصد حصہ ہے جبکہ 22 لاکھ سے زائد اس شعبے سے بالواسطہ اور بالواسطہ وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا ”اس سال سیاحت کے شعبے کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس سال سردیاں سرد ہوں گی لیکن لوگوں کے گرم دل ان سیاحوں کے استقبال کیلئے تیار ہیں جو کشمیر میں کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں“ ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں گلمرگ میں موسم سرما کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور یہ جگہ بڑی تعداد میں سیاحوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ کیلاش یاترا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے ملک کی صرف ایک فیصد آبادی ہونے کے باوجود آزادی کا مہاوتسو کے بینر تلے تمام پروگراموں کو آگے بڑھایا ہے۔
Comments are closed.