اے ڈی جی پی اور جی او سی نے پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام اور بڈگام اضلاع میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

سری نگر، 30اگست

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار اور جی او سی وکٹر فورس نے پلوامہ ، کولگام ، شوپیاں اور بڈگام اضلاع کیا دورہ کیاجس دوران آفیسران نے سیکورٹی جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی۔چار اضلاع میں سیکورٹی جائزہ میٹنگوں کے دوران اے ڈی جی پی اور جی او سی نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ ہابرڈ دہشت گردوں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے تاکہ ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اے ڈی جی پی وجے کمار نے جی او سی وکٹر فورس کے ہمراہ پلوامہ ، کولگام ، شوپیاں اور بڈگام اضلاع کا دورہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران فوج اور پولیس آفیسران نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔پلوامہ میں ضلع پولیس لائنز کے کانفرنس ہال میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فوج کے سیکٹر کمانڈر، 12سیکٹر آر آر،5سیکٹر آر آر ، کمانڈنگ آفیسر، 44آر آر ، 55، 50، 53آر آر کے سیکٹر کمانڈروں کے ساتھ ساتھ ایس ایس پی پلوامہ نے شرکت کی۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اے ایس پی پلوامہ تنویر احمد ، ایس پی ہیڈ کواٹر پلوامہ ، شوکت رفیق وانی، ایس ڈی پی او لیتر ، ڈی ایس پی کاکہ پورہ اور ڈی وائی ایس پی پلوامہ نے شرکت کی۔کولگام ، شوپیاں اور بڈگام میں بھی پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران نے میٹنگ میں شرکت کی جس دوران جی او سی اور اے ڈی جی پی کو سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔چار اضلاع کے دورے کے دوران ایس ایس پیز نے جی او سی اور اے ڈی جی پی کو موجودہ سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی تیاریوں اور امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ان اعلیٰ سطحی میٹنگوں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کی سراہنا کی۔انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔جی اوسی وکٹر فورس نے سبھی سیکٹر کمانڈروں ، سی او ز کو رات کے ایام میں پولیس کے ساتھ مشترکہ طورپر تلاشی آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے فیلڈ آفیسران کے درمیان قریبی تال میل پر بھی زور دیا۔اس موقع پر فیلڈ آفیسران نے ان اضلاع میں ہابرڈ دہشت گردوں کی تعداد اور ان کی شناخت ظاہر کی۔میٹنگ کے دوران پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

اے ڈی جی پی نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز میں مزید شدت لائی جائے اور اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں۔وجے کمار نے ایس ایس پی پلوامہ کو ہدایت دی کہ ضلع میں سرگرم ملی ٹینٹ معاونین جو کہ حالیہ ایام کے دوران دو مقامی نوجوانوں کو ملی ٹینٹ صفوں میں شامل کرانے میں ملوث ہیں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے آفیسران پر زور دیا کہ ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر اضافی سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔اے ڈی جی پی نے اعلیٰ سطحی میٹنگوں کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ہابرڈ دہشت گردوں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔یو این آئی

Comments are closed.