خانیار میں گیس سلنڈر دھماکہ تین دکانیں اور گودام خاکستر، ایک زخمی

سری نگر، 30 اگست
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے مرزا باغ خانیار علاقے میں بدھ کے روز گودام میں ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں عمارت سے آگ نمودار ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ گیس سلنڈر دھماکہ میں ایک شخص شدید طورپر زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

آتشزدگی کی اس واردات میں تین دکانیں اور ایک گودام کو نقصان پہنچا جبکہ لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیائ بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔

اطلاعات کے مطابق بدھوار بعد دوپہر پائین شہر کے مرزا باغ خانیار علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب عمارت میں ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں آگ نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً تین دکانوں اور گودام کو لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں نے فوری طورپر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی جس وجہ سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ سلنڈر دھماکہ میں دکاندار بھی زخمی ہوا ہے جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مقامی لوگوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ایک بجکر 25منٹ پر عمارت کے اندر ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جس وجہ سے عمارت کی دیواریں منہدم ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طورپر معلوم ہوا ہے کہ گیس سلنڈر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا تاہم پولیس اور فارینسک ٹیم نے اس حوالے سے تحقیقات شروع کی ہے۔ان کے مطابق گیس سلنڈر دھماکہ میں عمارت پوری طرح سے منہدم ہوئی جبکہ رہی سہی کسر آگ نمودار ہونے کی وجہ سے پوری ہوئی ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ایک بجکر 25منٹ پر انہیں فون کال موصول ہوئی کہ خانیار میں آگ نمودار ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور پانچ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ان کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ گودام کے اندر زور دار دھماکہ ہوا جس وجہ سے آگ نمودار ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے میں بلال احمد وانی نامی شہری بھی زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ گیس سلنڈر دھماکہ تھا یا کچھ اور اس ضمن میں پولیس نے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے۔یو این آئی

Comments are closed.