پونچھ تصادم میں حزب کمانڈ ر مارا گیا، فورسز کے لئے بڑی کامیابی: فو ج

سری نگر، 07اگست

فوج کا کہنا ہے کہ پونچھ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں حزب کمانڈر مارا گیا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل برتوال نے بتایا کہ پونچھ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے گئے ملی ٹینٹ کی شناخت منیر حسین ولد ستار محمد ساکن پونچھ کے بطور ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک کمانڈر سال 1993میں پاکستان چلا گیا اور 1996اور 1998میں واپس گھر آیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پونچھ ضلع میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے حملوں میں اس کا ہاتھ رہا ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک کمانڈر کی بیوہ اور دو بچے سرنکوٹ پونچھ کے رہنے والے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مولانا داود کشمیر جو کہ سید صلاح الدین کا قریبی ساتھی ہے منیر حسین اس کے ساتھ رابطے میں تھا۔موصوف ترجمان کے مطابق حال ہی میں حزب کی اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران راجوری اور پونچھ میں حزب کو مضبوط بنانے کا فیصلہ لیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ اسی میٹنگ کے دوران حزب نے فیصلہ لیا کہ منیر حسین کو ایک گارڈ کے ساتھ پونچھ اور راجوری میں ملی ٹینسی کو مضبوط بنانے کی خاطر بھیجا جائے۔ان کے مطابق پیر پنچال میں ملی ٹینسی کو فروغ دینے کی خاطر حسین کو ذمہ داری سونپی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ ایک دفعہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان سابق ملی ٹینٹوں کو یہاں پر بھیجنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے تاکہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو فروغ دے کر پر امن حالات میں رخنہ ڈالا جائے۔

Comments are closed.