سنگرونی جنگل میں فاریسٹ پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ دو ملازم زخمی

سری نگر، جنوبی ضلع پلوامہ کے سنگرونی جنگلی علاقے میں درمیانی شب فاریسٹ پیٹرولنگ پارٹی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فاریسٹر سمیت دو ملازم زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

محکمہ جنگلات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ درمیانی شب پلوامہ کے سنگرونی جنگلی علاقے میں محکمہ جنگلات کے چار اہلکار معمول کی پیٹرولنگ پر مامور تھے کہ اسی اثنا میں باگندرپل کے نزدیک دو مشتبہ افراد نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ملازم زخمی ہوئے۔

انہوں نے زخمی ہوئے ملازمین کی شناخت فاریسٹر جہانگیر احمد چچی ساکن گوجہ پتھری بڈگام اور لیبر عمران یوسف وانی ساکن مونو چرار شریف کے بطور کی۔
مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی مرہم پٹی کے بعد عمران یوسف وانی کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سنگرونی پلوامہ کے جنگلی علاقے میں کن لوگوں نے محکمہ جنگلات کی پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہی ہوگا۔

دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔

یو این آئی

Comments are closed.