جی ٹونٹی اجلاس : جموں وکشمیر کی اکنامی کو دوگنا ہونے سے کوئی روک نہیں سکتا/ چیف سیکرٹری
سرینگر/23مئی
جموں وکشمیر کے چیف سیکریٹر ی ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے منگل کے روز کہاکہ شہر سری نگر میں تعمیرو ترقی کے کاموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ شفافیت کو یقینی بنانے کی خاطر ای ٹینڈرنگ نظام کو متعارف کرایا گیا۔ان کے مطابق جموں وکشمیر کی اکنامی اگلے دو برسوں کے اندرا ندر دوگنی ہوجائے گی اور کوئی اس کو روک نہیں سکتا۔
ان باتوں کااظہار موصوف نے جی ٹونٹی اجلاس کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے سبھی اضلاع میں تعمیر وترقی کے کام شدو مد سے جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ شہر سری نگر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت متعد د پروجیکٹوں کو مکمل کیا گیا ہے۔چیف سیکریٹر ی نے بتایاکہ ای ٹینڈرنگ نظام کے ذریعے ہی ٹھیکیداروں کو کام الاٹ کئے جارہے ہیں۔
ان کے مطابق کام مکمل ہونے کے ساتھ ہی ٹھیکیداروں کو رقم بھی واگزار کی جاتی ہیں۔جھیل ڈل کے اندرونی علاقوں کو صاف کرنے کے بارے میں جب چیف سیکریٹری سے سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت شہرہ آفاق جھیل ڈل ماضی کے مقابلے میں خوبصورت اور صاف ہے۔
کھیل کود کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیف سیکریٹری نے کہاکہ جموں وکشمیر کے ہر پنچایت میں ایک کھیل کا میدان میسر ہے۔انہوں نے بتایا کہ لوگ کھیل کود کی سرگرمیوں کو پسند کرتے ہیں لہذا حکومت بھی اس کی طرف توجہ مبذول کر رہی ہے۔
موصوف چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کا کوئی قانون نہیں اور اس بارے میں سپریم کورٹ نے بھی حکم نامہ جاری کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے سینکڑوں ملازمین کی نوکریوں کو مستقل کیا اور ابھی بھی بہت سارے ڈیلی ویجر مختلف سرکاری اداروں میں کام کر رہے ہیں۔
Comments are closed.