کشمیر میں جمعتہ الوداع کے عظیم الشان اجتماعات ،سب سے بڑی تقریب درگاہ شریف حضرت بل میں منعقد

سرینگر14 اپریل
وادی کشمیر کی جامع مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں جمعتہ الوداع کے موقع پر عظیم الشان اور روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں فرزندان توحید نے انتہائی انکساری اور اشک بار آنکھوں سے ماہ بارک رمضان کو وداع کیا۔
اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جس میں وادی کے گوشہ و کنار سے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے نماز ادا کی اور خصوصی دعائیں مانگی۔
یو این آئی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ جمعتہ الوداع کے اجتماع میں شریک ہونے کے لئے حضرت بل میں لوگوں کا اڑدھام امڈ آیا تھا جس سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ تاحد نگاہ لوگ صفوں میں بیٹھ کر بار گاہ الٰہی میں اشک بار آنکھوں سے ماہ مبارک رمضان کو وداع کر رہے تھے اور امن و خوشحالی کے لئے دست بدعا تھے۔ان کا کہنا تھا کہ عقیدت مندوں میں زن و مرد، پیر جوان اور بچے شامل تھے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی اس موقع پر حضرت بل میں نماز جمعہ ادا کی۔
اطلاعات کے مطابق وادی جناب صاحب صورہ، آثارشریف شہری کلاش پورہ، شیخ حمزہ مخدوم (رح)،دستگیر صاحب خانیار، نقشبند صاحب خواجہ بازار،خانقاہ معلیٰ سری نگر میں بھی جمعتہ الوداع کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے۔وسطی کشمیر کے چرار شریف سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ وہاں پر جمعتہ الوداع کے موقع پر عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ دور درازعلاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے باجماعت نماز ادا کی اور کشمیر میں امن و خوشحالی کی خاطر خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ، شوپیاں ، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں بھی جمعتہ الوداع کے موقع پر بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی۔

شمالی کشمیر کے بارہ مولہ ، سوپور ، پٹن ، بانڈی پورہ اور سرحدی ضلع کپواڑہ میں بھی جمعتہ الوداع کے موقع پر روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ علاوہ ازیں وادی کے دیگر اضلاع کی مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں جمعتہ الوداع کے روح پرور اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔خطیبوں نے اپنے جمعہ خطبوں کے دوران جمعتہ الوداع کی فضیلت پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور اس موقع پر خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔یو این آئی

Comments are closed.