وزیر داخلہ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ ، جموں کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا لیا جائزہ
راجوری متاثرین سے فون پر بات چیت کی ، ملوثین کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے متاثرین کو انصاف دیا جائے گا / شاہ
سرینگر /13جنوری /
وزیر داخلہ امیت شاہ جمعہ کے بعد دوپہر جموں کے دورے پر پہنچ گئے تاہم خراب موسمی صورتحال کے باعث ان کا راجوری جانے کا پروگرام ملتوی کیا گیا۔ ادھر جموں پہنچنے پر وزیرداخلہ امیت شاہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں عسکریت کا ماحولیاتی نظام اور جو اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اسے برقرار رکھتے ہیں کو مکمل طور پر ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جو جموں کشمیر کے دورے پر جمعہ کو پہنچ گئے جس دوران انہوں نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، چیف سیکرٹری اے کے مہتنا ، شمالی کمان کے فوجی سربراہ ، جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ حکومت ہند کے دیگر سینئر افسران بشمول فوج، سی اے پی ایف، جموں و کشمیر پولیس اور جموں و کشمیر حکومت نے میٹنگ میں شرکت کی۔مرکزی وزیر داخلہ نے سیکورٹی فورسز اور پولیس سے کہا کہ وہ فعال طور پر مربوط انسداد ملی ٹنسی آپریشنز کریں، تاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خوشحال اور پرامن جموں و کشمیر کے وڑن کو پورا کیا جا سکے۔امیت شاہ نے سڑکوں کو تشدد سے پاک رکھنے اور قانون کی حکمرانی کو نمایاں طور پر بحال کرنے کے لیے سیکورٹی ایجنسیوں اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ ملی ٹنٹوں کا خوف نہ ہو۔ انہوں نے سیکورٹی گرڈ کے کام کاج کا جائزہ لیا اور گزشتہ میٹنگوں میں سیکورٹی ایجنڈے کے مختلف آٹمز پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا تاکہ ملی ٹنسی کے واقعات کو کم کیا جا سکے اور نظام پر علیحدگی پسند نیٹ ورکس کا گلا دبایا جا سکے۔مرکزی وزیر داخلہ نے سیکورٹی فورسز اور پولیس کو ملی ٹنتوں کا صفایا کرنے کے لیے انتہائی پیچیدہ اور منصوبہ بند انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے ذریعے مربوط کوششوں کو جاری رکھنے کی تلقین کی۔خیال رہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ جموں پہنچ گئے ہیں جہاں ہوائی اڈے پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا ۔ جموں پہنچ جانے کے بعد اگرچہ امیت شاہ کو راجوری کا دور ہ کرنا تھا تاہم خراب موسمی صورتحال کے باعث اب یہ ممکن نہیں ہے جس کے بعد امیت شاہ نے جموں میں ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔
Comments are closed.