کوٹھی باغ پولیس تھانہ میں درج ’فائٹ بلاگ‘ کیس کی جانچ ؛ سرینگر میں4صحافیوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے
سری نگر :۸،ستمبر: کے این ایس : پولیس نے سرینگر میںکوٹھی باغ تھانہ میں درج ’کشمیرفائٹ بلاگ‘ معاملے کی جانچ کے سلسلہ میں 4صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مارے ۔ کے این ایس کے مطابق پولیس کی مختلف ٹیموںنے سرینگر میں 4صحافیوں کی رہائش گاہوں پرچھاپے مارے اور تلاشی کارروائی لی۔ ایس ڈی پی او نہرو پارک نے پولیس ٹیم کے ہمراہ شیخ حمزہ کالونی لال بازار میں شوکت احمد موٹہ ولد عبدالصمد کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ مذکورہ صحافی ’کشمیر نریٹر میگزین‘ کا مدیر اعلیٰ ہے تاہم اطلاعات کے م طابق 2019سے میگزین شائع نہیں ہوا ہے۔ ادھر پولیس کی ایک اور ٹیم نے اظہر قادری ولد فاروق قادری کے گھر واقع ابوبکر کالونی بمنہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اظہر قادری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ مختلف خبررساں اداروں کیلئے کام کرتا ہے۔ ایس پی ایسٹ کی قیادت میں پولیس نے شاہ عباس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور تلاشی کی۔ اس دوران پولیس نے TRTترکی کیلئے کام کررہے ہلال میر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ کے این ایس کے مطابق پولیس کے ایک عہدیدار کاکہنا ہے کہ ’فائٹ بلاگ‘ معاملہ میں پولیس تھانہ کوٹھی باغ میں درج کیس کے سلسلہ میں مذکورہ 4صحافیوںکے گھروں پر چھاپے ڈالے گئے ہیںتاہم پولیس کے مطابق کسی بھی صحافی کو حراست یا گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ پولیس نے لال چوک کے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں اکتوبر سنہ 2020 میں ‘کشمیر فائٹ بلاگ’ کے ذریعے وادی میں صحافیوں، سماجی کارکنوں کے خلاف دھمکی آمیز مواد شائع کرنے پر ایف آئی آر زیر نمبر 82/2020 زیر سکشن 13 یو اے پی اے ایکٹ اور 506 آئی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔کشمیر فائٹ بلاگ پر اگرچہ بھارت میں پابندی لگائی گئی ہے لیکن بلاگ اب بھی فعال ہے اور حال ہی میں اس پر جموں و کشمیر سے شائع ہونے والے معروف اخبارات کے مدیروں کو دھمکی دی گئی تھی اور انہیں بھارت کا ایجنٹ قرار دیا تھا۔
Comments are closed.