یوم آزادی کی تقریب سے قبل جموں میں جیش محمد سے وابستہ چار جنگجو گرفتار / اے ڈی جی پی جموں
سرینگر/14اگست /سی این آئی// 15اگست سے قبل جموں میں ایک خصوصی کارروائی عمل میںلاتے ہوئے جموں پولیس نے عسکری تنظیم جیش محمد کے چار مبینہ جنگجوئوںکو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اے ڈی جی پی جموں نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چاروں یوم آزادی سے قبل جموں میں آئی ای ڈی دھماکہ کرنے کی تاک میں تھے جس کو ناکام بنایا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق 15اگست تقریبات کے پیش نظر جموں پولیس نے عسکری تنظیم جیش محمدکے گروہ کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ چار جنگجوئوں کی گرفتاری عمل میںلائی گئی ۔ جموں کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پولیس مکیش سنگھ نے سماجی رابطہ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گرفتار شدہ چار عسکریت پسندوں کی گرفتاری سے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا گیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ گرفتار شدہ عسکریت پسندوں کو پاکستان میں مقیم جیش محمد کے عسکریت پسندوں نے ڈرون کے ذریعہ بھیجے جانے والے ہتھیاروں کو کشمیر تک پہنچانا تھا اور جموں میں یوم آزادی کے دن آئی ای ڈی دھماکہ کرنا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت منتظر منظور عرف سیف اللہ ولد منظور احمد بٹ ساکن پرڑھو پلوامہ، اظہار خان عرف سونو خان ولد انتظار خان ساکن محلہ کندالا شاملی اْتر پردیش،توصیف احمد شاہ عرف شوکت عرف عدنان ولد غلام محمد شاہ ساکن ہیف ضلع شوپیان اور جہانگیر احمد بٹ ولد مشتاق احمد بٹ ساکن بنڈزو ضلع پلوامہ کے طور کی ہے۔پولیس کے مطابق سب سے پہلے منتظر کی گرفتاری عمل میں لاکراس کی تحویل سے ایک پستول،آٹھ گولیاں اور دو چینی گرینیڈ بر آمد کئے گئے۔پولیس کے مطابق منتظر کی ہی نشاندہی پر بعد میں باقی تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
Comments are closed.