اننت ناگ میں IEDبنانے والا کا نیٹ ورک بے نقاب؛ جنگجوئوںکے 4اعانت کاروںکی گرفتاری کا پولیس دعویٰ

سری نگر :٢،اگست: اننت ناگ میں پولیس نے لشکر طیبہ کا نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو عسکریت کی ترغیب دینے میں ملوث 4اعانت کاروں کو گرفتار کرکے ہتھیار اور قابل اعتراض دستاویز برآمد کرلیاہے۔ کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اننت ناگ پولیس نے نوجوانوں کو آن لائن پلیٹ فارم پر عسکریت پسندی کی طرف مائل کرنے اور ممنوعہ لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین میں شامل ہونے کی ترغیب دینے میں ملوث 4مجرمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کی عامر ریاض لون ساکن بارہمولہ کو گرفتار کیاگیاجس کی تحویل سے الیکٹرانک آلات اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کرکے اُس کا تجزیہ کیا جس میں پایا گیا کہ مذکورہ ملزم بارہمولہ میں لشکر طیبہ کے سرگرم جنگجو ہلال شیخ کے رابطہ میں تھا۔ پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ عامر ریاض کے انکشاف کے بعد یہ بات معلوم ہوئی کہ اس کا ساتھی اویس احمد شاخسازساکنہ سیر ہمدان اننت ناگ انٹرنیٹ کی خدمات کو بروئے کار لاکر آئی ای ڈی بنانے میں مصروف ہے اور اسے فوری طور پر گرفتار کیاگیا۔ مزید تحقیقات کے دوران اننت ناگ پولیس نے تامل عرف شعیب مظفر قاضی ساکن قاضی محلہ راجپورہ پلوامہ اور طارق احمد ڈار ساکنہ کیموہ کولگان کو حراست میں لے لیا۔ دوران تفتیش اس بات کاخلاصہ ہوا کہ تامل قاضی پلوامہ میں لشکر طیبہ کے جنگجو عاقب ڈار سے براہ راست رابطے میں تھا اور اُس نے حفاظتی دستوں کو نشانہ بنانے کیلئے ہتھ گولہ دیا تھا جسے اس کی نشاندہی پر برآمد کیاگیا۔ پولیس بیان میں کہاگیا ہے کہ ملزم طارق ڈار کولگام میں سرگرم جنگجو اسلم ڈار سے رابطہ میں تھا اور مذکورہ جنگجو کو تعاون اور مدد کررہا تھا۔ پولیس بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام نیٹ ورک لشکر طیبہ کے سرگرم جنگجوئوں کیلئے کام کرتا تھا اور قصبہ اننت ناگ میں بم دھماکے کرنے کیلئے IEDبناتے تھے۔ علاوہ ازیں یہ نیٹ ورک وادی میں جنگجویانہ کارروائیوں میں شامل کرنے کیلئے نوجوانوںکو راغب کررہا تھا ۔ پولیس نے بیا ن میں کہا ہے کہ آئی ای ڈی بنانے کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے سے ایک بڑے حملے کو ٹال دیا گیا جبکہ لڑکوں کو آن لائن پروپگنڈاکا شکار بنانے سے لڑکوں کو بچالیاگیا۔

Comments are closed.