لاوئے پورہ حملے میں زخمی ایک اور سی آر پی ایف کانسٹبل ؛ سکمز صورہ میں زندگی کی جنگ ہار گیا ، مہلوکین کی تعداد 3تک پہنچ گئی

سرینگر /29مارچ/سی این آئی// لاوئے پورہ حملے میں زخمی ایک اور سی آر پی ایف اہلکار اسپتال میں دم توڑ بیٹھا جس کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد3تک پہنچ گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق گزشتہ ہفتے سرینگر کے لاوئے پورہ علاقے میں مسلح جنگجوئوںکے حملے میں زخمی سی آر پی ایف اہلکار سوموار کو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ جس کے ساتھ ہی حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 3تک پہنچ گئی ہے ۔ سی آر پی ایف کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 73بٹالین کا زخمی اہلکار کانسٹبل جگتھ ناتھ رائے سکمز صورہ میں سوموار کو کئی دنوں تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل حملے میں سی آر پی ایف سب انسپکٹر اور کانسٹبل جو کہ ڈرائیور کے بطور تعینات تھا ہلاک ہو گیا تھا جبکہ کئی دیگر سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گئے تھے ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گزشتہ جمعرات کو سرینگر کے لائے پورہ علاقے میںمسلح جنگجوئوں نے دن دھاڑے سی آر پی ایف پارٹی کو نشانہ بنا کر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کئی ایک زخمی ہو گئے ۔ اس دوران جنگجو ایک رائفل اڑا نے میںبھی کامیاب ہو گئے ۔ حملے کے بعد پولیس نے کیس میںملوث دو بالائے زمین کارکنوں کی گرفتاری عمل میں لاکر دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے کو لشکر طیبہ نے انجام دیا ۔

Comments are closed.