امریکہ بھارت اور پاکستان کے مابین کشمیر اور دیگر معاملات پر براہ راست بات چیت کی حمایت کرتا ہے
سرینگر/04مارچ/سی این آئی// ہند پاک سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے پر عملدر آمد پر اتفاق اور جموں کشمیر کے حالات معمول پر لوٹنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ہند پاک تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرکے خطے میں امن کے قیام کے یقینی بنائیںگے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق امریکہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کے سیاسی و معاشی حالات کو معمول پر لانے کے اقدامت کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ بھارت پاکستان دیگر مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالیں گے۔ریاستہائے متحدہ امریکہ نے بدھ کے روز مرکزی حکومت کے ذریعہ جموں و کشمیر کے حالات کو معمول پر لانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکہ، جموں و کشمیر میں ہونے والی پیشرفتوں پر قریب سے نگاہ رکھے ہوئے ہے۔پرائس نے اپنی روزانہ کی نیوز کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ کشمیر کے حوالے سے امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔پرائس نے کہا کہ ‘ہم جموں و کشمیر کو بھارت کے جمہوری اقدار کے مطابق مکمل معاشی اور سیاسی معمول کو بحال کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔’ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ بھی اہم تعلقات ہیں۔پرائس نے کہا کہ ‘جب بھارت کی بات آتی ہے تو ہماری ایک عالمی جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے اور ہم نے اس کے بارے میں پہلے ہی بات کی ہے۔ جب پاکستان کی بات آتی ہے تو خطے میں ہمارے مشترکہ مفادات ہیں اور ہم باہمی مفادات پر قریب سے کام جاری رکھیں گے۔’ترجمان نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور پاکستان کے مابین کشمیر اور دیگر معاملات پر براہ راست بات چیت کی حمایت کرتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ سرحدوں پر کشیدگی کے چلتے ہند پاک کی جانب سے گزشتہ ہفتے جنگ بندی معاہدے پر عملدر آمد پر اتفاق ہو اجس دوران دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فوج سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا مرتکب نہ ہو گی ۔
Comments are closed.