اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس میں ہند پاک مندوبین پھر الجھ پڑے
بھارت نے کورونا وباء کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیری عوام کا محاصرہ سخت کردیا/منیراکرم
جموں کشمیر بھارت کا اندرون معاملہ ،ہمارے اندرون معاملات میں مداخلت سے گریز کیا جائے / تری مورتی
سرینگر/18فروری: اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس میں جمعرات کو ہند پاک مندوبین ایک مرتبہ پھر الجھ پڑے جس دوران پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت نے کورونا وباء کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیری عوام کا محاصرہ سخت کردیاجس کے جواب میں اجلاس میں موجود بھارتی مندوب نے کہا کہ جموں کشمیر بھارت کا اندرون معاملہ ہے اور کسی بھی ملک کو اس پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں بنتا ہے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان نے سلامتی کونسل کی اس اپیل کی واضح خلاف ورزی پر بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں کورونا وائرس کی ہولناک وبا کے دوران دنیا بھر میں تنازعات کو ختم کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں کئے گئے خطاب میں کیا۔کونسل کے اجلاس میں قرارداد 2532 پر عملدرآمد کے حوالے سے بحث کی جارہی تھی جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی کورونا وائرس کے خلاف مجموعی کوششوں کیلئے عالمی جنگ بندی کی اپیل کی توثیق کی گئی تھی۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت نے وباء کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیری عوام کا محاصرہ سخت اور ظلم کا سلسلہ تیز کردیا۔ ادھر پاکستانی مندوب کے جواب میں اجلاس میں موجود بھارتی مندوب ٹی ایس تری مورتی نے کہا کہ کسی بھی ملک کو بھارت کے اندرون معاملات میں دخل اندوزی کی اجازت نہیںہوگی۔ انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کو لیکر پاکستان جو بھی باتیں کر رہا ہے وہ بے بنیاد اور من گھڑت ہے اور ان میںکوئی بھی صداقت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموںکشمیر کے لوگ خوش ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر، بھارت کا اٹوٹ حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق بھارت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جبکہ جموں و کشمیر، بھارت کا اٹوٹ حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔
Comments are closed.