ہندوپاک افواج کے مابین روزانہ گولہ باری سے سرحدی آبادی غیر محفوظ
راجوری میں سرحدی مکینوں کیلئے 3141بینکر تعمیر کئے جارہے ہیں 2636کا کام مکمل
سرینگر/07فروری/سی این آئی// ہندوپاک افواج کے مابین آئے روز شدید گولہ باری سے بچنے کیلئے سرحدی ضلع راجوری میں عام لوگوں کیلئے 3141زمین دوز بنکر تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں گولہ باری کے وقت عام لوگ پناہ لے سکتے ہیں ۔ ان بنکروں میں تمام تر سہولیات مئیسر رکھی جارہی ہے جیسے پینے کے صاف پانی کی دستیابی ، بجلی اور گرمی کا انتظام ، معلوم ہوا ہے کہ 2636بنکروں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور 1892پر تعمیر کا کام جاری ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر میں بھارت اور پاکستان کے درمیان لگنے والی سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں اب روز افزوں بڑھتی ہی جارہی ہے جس کے نتیجے میں سرحدی آبادی میں خوف و ہراس پھیل جاتا ہے اور لوگ اپنے آشیانوں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور رہے ہیں ۔ اس ضمن میں سرکار نے سرحدی آبادی کیلئے بینکر بنانے کا فیصلہ بہت پہلے لیا تھا جس پر کام ابھی جاری ہے ۔ اس سلسلے میںڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر راجوری راجیش کے شاون نے پی ڈبلیو ڈی اور آر ڈی ڈی کے متعلقہ افسران کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا تاکہ ضلع میں بارڈر بنکروں کی تعمیر پر پیشرفت کا جائزہ لیا جاسکے۔ اس میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر محمد خورشید ،سپرنٹنڈنٹ انجینئر پی ڈبلیو ڈی ، شاہد لطیف اور اسسٹنٹ کمشنر ڈویلپمنٹ سشیل کھجوریا نے شرکت کی۔ ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں تمام 3141 بنکر تعمیر کئے جارہے ہیںجن میں سے اب تک 2636 کام مکمل ہوچکاہے۔آر ڈی ڈی کے ذریعہ تعمیر شدہ 1745 انفرادی اور 147 کمیونٹی بنکروں سمیت 1892 بنکروں میں سے 1497 بنکروں پر کام ہر لحاظ سے مکمل ہے۔ 93 پر کام فاؤنڈیشن سطح پر 195 سپر اسٹیکٹر سطح پر ، 82 سلیب سطح پر ہے جبکہ اجلاس کو بتایا گیا کہ کچھ مقامی مسائل کی وجہ سے 25 بنکروں میں سے ابھی کچھ پر ابھی کام شروع نہیں ہوا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پی ڈی ڈبلیو ڈی کے ذریعہ نوشہرہ میں 1116 اور راجوری میں 125 سمیت 1241 بنکروں میں سے 1139 بنکروں پر کام مکمل ہے اور باقی تکمیل کے مختلف مراحل پر ہیں جب کہ 24 بنکروں پر کام شروع ہونا ابھی باقی ہے۔ ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ طے شدہ اہداف کو بروقت کامیابی کے ساتھ یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں۔ انہوں نے بنکروں پر کام کرتے ہوئے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے بھی کہا۔ ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام سرحدی باشندوں کو بنکر مہیا کیے جائیں تاکہ ان کی زندگیاں سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری سے بچ سکیں اور ڈبل شفٹوں میں کام کریں تاکہ باقی بنکروں پر کام مقررہ وقت پر مکمل کیا جاسکے۔
Comments are closed.