’’کامیاب آزاد اُمیدواروں کو مخصوص پارٹی میں شامل ہونے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے‘‘؛ علی ساگر

نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری کا الیکشن کمشنر کو مکتوب، فوری کارروائی کا مطالبہ

سرینگر/24دسمبر؛ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے آج ایک تحریری خط میں الیکشن کمشنر کے کے شرما کو کامیاب انتخابات کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ایسے حالات و واقعات رونما ہورہے ہیں جن پر اگر فوری اور زبردستی بریک نہ لگائی گئی تو یہ ساری مشق بیکار ثابت ہوجائیگی۔ سی این آئی کے مطابق انہوں نے لکھا کہ انتہائی پریشان کن صورتحال ہمارے علم میں آرہی ہے کہ بہت سے کامیاب آزاد ڈی ڈی سی امیدواروں کو ایک مخصوص سیاسی پارٹی میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا ہے۔ کچھ دلال خرید و فروخت کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں، رقومات کی نمائش اور بولیاں لگائی جارہی ہیں اور کچھ جگہوں پر دھمکیوں اور دھونس و دبائو کا استعمال کیا جارہا ہے۔ جنرل سکریٹری مزید تحریر کیا کہ مجھے اُمید ہے کہ آپ ایسے غیر جمہوری عمل کا سخت نوٹس لیں گے اور اس کیخلاف قواعد اور ضوابط کے تحت فوری کارروائی کریں گے اور ان انتخابات کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں گے۔

Comments are closed.