سابق پولیس ڈی ایس پی دویندر سنگھ کے معاملے میں دو روزہ پوچھ تاچھ کے بعد ;پی ڈی پی یوتھ لیڈر وحید الرحمان این آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ، پارٹی کی شدید الفاظ میں مذمت

سرینگر/25نومبر/سی این آئی// ؎سابق پولیس ڈی ایس پی دویندر سنگھ کے معاملے میں دو روزہ پوچھ تاچھ کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کو پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمان پرہ کو گرفتار کرلیا۔ادھر پی ڈی پی نے وحید الرحمان پرہ کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وحید الرحمان ڈی ڈی سی انتخابات میں شرکت کرکے یہاں کے نوجوانوں کو نئی سمت کی جانب لے جانے کی کوشش میں تھے اور انہیں اسی دوران گرفتار کر لیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی ضلع کولگام میں حزب کمانڈر نوید بابو کے ہمراہ گرفتار کئے گئے پولیس کے ڈی ایس پی دویندر سنگھ کے معاملے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے گزشتہ دنوں پی ڈی پی کے صدر یوتھ ونگ وحید الرحمان پرہ کو نئی دلی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کر لیا تھا جس دوران این آئی اے ہیڈ کواٹر میں دو دن ان کی پوچھ تاچھ کی گئی اور آج انہیں این آئی اے نے با ضابطہ طور پر حراست میں لیا ۔ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے این آئی اے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ تیسرے دن کی پوچھ تاچھ کے بعد پرہ کو باضابطہ گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر پی ڈی پی نے وحید الرحمان کی این آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ پی ڈی پی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ وحید الرحمان پرہ جنوبی ضلع پلوامہ سے ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے جا رہے تھے اور کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے ساتھ ہی ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارورائی سے پی ڈی پی کے حوصلے پست نہیں ہونگے بلکہ ہماری آواز کو مزید تقویت ملے گی ۔

Comments are closed.