گنگو پلوامہ میں فورسز کی مشترکہ پارٹی پر جنگجوئوں کا حملہ ، سی آر پی ایف اہلکار زخمی
گزشتہ 24گھنٹوں میں ضلع میں دوسرا حملہ ، سیکورٹی ہائی الرٹ ، حملہ آوروں کی تلاش جاری
سرینگر /19اکتوبر: جنوبی ضلع پلوامہ کے گنگو علاقے میں سوموار کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مسلح جنگجوئو ں نے پولیس و سی آر پی ایف کی مشتر کہ پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گیا ۔ حملے کے بعد پورے علاقے میں تلاشی کارروائی عمل میںلائی گئی تاہم کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی ہے ۔ یہ ضلع میں گزشتہ 24گھنٹوں میں سیکورٹی فورسز پر دوسرا حملہ ہے ۔ اس سے قبل اتوار کو ترال میں سی آر پی ایف پر جنگجوئوں نے حملہ کیا تھا ۔ سی این آئی کو نمائندے نے پلوامہ سے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے گنگو علاقے میں اس وقت افر اتفری کا ماحول پھیل گیا جب سرکل روڑ کے نزدیک موجود فورسز پارٹی پر مسلح جنگجوئوں نے گولیاں چلائی ۔ نمائندے نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سومور کی صبح جنگجوئوں نے سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ پارٹی پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک فورسز اہلکار زخمی ہوگیا، پولیس ذرائع کے مطابق زخمی سی آر پی ایف اہلکار کو اسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔اسی دوران سیکورٹی فورسز پر حملے کے ساتھ ہی فورسز کی اضافی کمک جائے مقام پر پہنچ گئی جس نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔تاہم تلاشی آپریشن کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میںنہیںلائی گئی اور نہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد ہوئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوئوں نے پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ پارٹی پر سرکل روڑ گنگو کے نزدیک حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فورسز اہلکار زخمی ہو گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے ۔ خیال رہے کہ یہ ضلع میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران دوسرا حملہ ہے ۔ ا س سے قبل اتوار کی صبح مسلح جنگجوئوں نے ترال میں سی آر پی ایف پارٹی کو نشانہ بنا کر حملہ کیا تھا جس میں ایک سی آر پی ایف آفیسر اور عام شہری زخمی ہو گیا تھا ۔
Comments are closed.