کٹھوعہ اور پونچھ میں ہندوپاک افواج پھر آمنے سامنے

دونوں جانب جدید ترین ہتھیاروں سے گولہ باری ، دو فوجی اہلکار زخمی

سرینگر/11اکتوبر: کٹھوعہ اور پونچھ میں ہندوستان اور پاکستانی افواج کے مابین شدید گولہ باری کے نتیجے میں بی ایس ایف کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ آر پار گولہ باری کی وجہ سے سرحدی آبادی میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ادھر دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بلا اشتعال جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری فوجی چوکیوں کو نشانہ بناکر گولہ باری کی تاہم فوج نے بھی پاک فوج کو بھر پور جواب دیا ۔ پاکستانی فوجیوں نے جموں وکشمیرکے مختلف سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے پاس غیر فوجی علقوں میں ہفتہ کو بغیر اکساوے کے گولی باری کی اور مورٹار کے گولے داغے، جس میں بارڈر سیکیورٹی فورسیز کے دو جوان زخمی ہوگئے۔ افسران نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوجیوں نے پونچھ ضلع کے منکوٹ، مینڈھر اور کھاری کرمارا سیکٹروں اور کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر میں ایل او سی کے قریب جوابی کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ مینڈھر سیکٹر کی ایڈوانس چیک پوائنٹ اور گاوں میں پاکستانی گولی باری میں آج شام بی ایس ایف کے دو جوان، کانسٹبل سی ایچ منوہر اور ریاض احمد زخمی ہوگئے۔ افسران نے بتایا کہ دونوں جوانوں کو ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک دفاعی ترجمان نے کہا ’پاکستان نے پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی کے پاس غیر فوجی علاقوں کو نشانہ بناکر دیر رات ڈیڑھ بجے چھوٹے ہتھیاروں سے گولی باری کی اور مورٹار کے گولے داغ کر بغیر کسی اکساوے کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ ہندوستانی فوج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا’۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بھاری گولہ باری کے سبب سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگ گھبرا گئے۔ افسر نے کہا کہ گولہ باری صبح تقریباً ساڑھے چار بجے رکی۔ دفاعی ترجمان نے بعد میں اطلاع دی کہ پاکستان کی طرف سے شام تقریباً 6 بجے پونچھ ضلع میں ایل او سی سے متصل مینڈھر سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔ ہندوستانی فوج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ آخری خبر ملنے تک دونوں فریق کے درمیان گولہ باری جاری تھی۔ پولیس افسران نے کہا کہ پاکستان رینجروں نے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد سے متصل ایڈوانس علاقوں کو بھی نشانہ بنایا اور تقریباً پانچ گھنٹوں تک مسلسل گولہ باری کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی سرحد پر گزشتہ شب پونے بارہ بجے کے قریب گولہ باری شروع ہوئی اور ہفتہ کی صبح 4 بجکر 40 منٹ تک جاری رہی۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا زبردست جواب طریقے سے جواب دیا۔ افسران نے کہا کہ پونچ کے قصبہ سیکٹر میں جمعہ کو پاکستانی گولہ باری میں 40 سالہ حمیدا بی نام کی خاتون زخمی ہوگئی۔ ان کی حالت ’مستحکم’ بتائی جارہی ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ پونچھ کے ڈپٹی کمشنر راہل یادو نے ضلع اسپتال کا دورہ کیا اور حمیدہ کی صحت کی جانکاری لی۔ انہوں نے کہا کہ حویلی انجم کھٹک علاقے کے تحصیلدار کے ساتھ اسپتال پہنچے راہل یادو نے ڈاکٹروں کو زخمی خاتون کو بہتر علاج دینے کا حکم دیا۔ ترجمان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے ریڈ کراس فنڈ سے زخمی خاتون کو پانچ ہزار روپئے کی اقتصادی مدد بھی فراہم کرائی۔

Comments are closed.