رفیع آبا د کے کنڈی علاقہ میں غریب عوام طبی سہولیات کافقدان ؛ علاقہ میں ہیلتھ سنٹر قائم کرنے کا گورنر انتظامیہ سے مطالبہ
سرینگر / /کے پی ایس : شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد کاکنڈی علاقہ طبی سہولیات سے محروم ہے ۔جس سے پسماندہ دیہات کے غریب مریضوں کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقہ تقریباً ایک سودیہات پر مشتمل ہے اور ان دیہات کے ہزاروں نفوس طبی سہولیات کی عدم دستیابی سے پریشان حال ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان دیہات میں اگر کوئی شخص بیمار ہوجاتا ہے تو اس کو علاج ومعالجہ کے لئے ڈنگی وچھہ پرائمری ہیلتھ سنٹر تک 10سے 20کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی مریضوںجن میں درد زہ میں مبتلا خواتین کو جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا اندیشہ رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راوچھہ سے لیکر حمام مرکوٹ تک کوئی ایسا ہیلتھ سنٹر قائم نہیں ہے جہاں لوگ اپنا علاج ومعالجہ کراسکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقہ کے لوگ غریب ہیں اور ان کے پاس کرایہ کیلئے پیسے دردست نہیں ہوتے ہیں ۔جس کے نتیجے میں وہ مریضوں کودور اسپتال لے جانے کی سکت نہیں رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہاں کے لوگ محنت مزدوری کرکے مشکل سے اپنا گذر بسر کرتے ہیں لیکن علاج ومعالجہ کیلئے محتاج ہوجاتے ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاک کنگروسہ ان کنڈی دیہات کے لئے سنٹر کی حیثیت رکھتا ہے میں ایک ہیلتھ سنٹر قائم کیاجائے تاکہ غریب علاقہ کے مریضوں کا علاج ومعالجہ ہوسکے اور ان کے مشکلات کا ازالہ بھی ہوجائے ۔
Comments are closed.