موسمی صورتحال میں تبدیلی ، بالائی علاقوں میں رواں برس کی پہلی برفباری، میدانی علاقوں میں بادل چھا گئے

وادی میں سردی نے دی دستک ، لوگ گرم ملبوسات زیب تن کرنے پر مجبور ، شام سے بارشوں اور برفباری کا امکان

سرینگر/26ستمبر: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں آسمان پر بادل چھا جانے کے بیچ گلمرگ سمیت دیگر کئی پہاڑی علاقوں میں رواں موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ اسی دوران وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں سردی کی لہر نے دستک دی جس کے ساتھ ہی دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21ڈگری سیلئس ریکارڈ کیا گیا ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوںمیں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارش ہونی کی پیشن گوئی کی ہے ۔ادھرجمعہ کی شام دیر گئے سرینگر سمیت دیگر کئی علاقوں میںتیز آندھی کے باعث کئی مکانوںکے چھت اڑ گئے جبکہ بجلی نظام بھی درہم برہم ہو ا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں سنیچروار کو موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی اور آسمان پر بادل چھا گئے ۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی آسمان ابر آلود رہا جبکہ سردی بھی محسوس کی گئی ۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج شام سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے بارشوں اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی تھی ۔ اس دوران آج شہر سریگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21ڈگری سیلسیس جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 12ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر محکمہ موسمیات کی جانب سے موصولہ اطلاع کے مطابق وادی میں اگلے 24چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں کہیںکہیں پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں ہوسکتی ہے جبکہ سوموار تک وقفہ وقفہ سے ہلکی بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔ اس دوران آج بعد دوپہر سونہ مرگ، گلمرگ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں رواں برس کی پہلی برفباری ہوئی اس کیساتھ ساتھ زوجلا ، دراس اور دیگر پہاڑی علاقوںمیں بھی برفباری ہوئی۔ گلمرگ سے نمائندے نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شہر آفاق گلمرگ میں سنیچروار کے بعد دوپہر اس وقت موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جب آسمان پر کالے بادل چھا جانے کے ساتھ ہی اپر وٹ کی پہاڑیوں پر رواں موسم کی پہلی برفباری ہوئی ۔ جس کے ساتھ ہی موسم سرما نے دستک دی ۔ ادھر سونہ مرگ کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہے ۔ سرینگر میں مقیم محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر کے پہلے ماہ کے دوران موسم میں مزید تبدیلی آئی گی اور درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے ۔

Comments are closed.