جموں کشمیر میں ڈیجیٹل تعلیم اور کورونا وائرس کے دوران اہم عوامی خدمات کیلئے 2Gانٹرنیٹ کافی / مرکز

ملک دشمن عناصر اور پاکستان کے خطرات کو روکنے کیلئے اس طرح کے حفاظتی اقدامات ضروری

سرینگر/21ستمبر: گاندربل اور ادھم پورہ اضلاع کے علاوہ جموں کشمیر میں تیز رفتار انٹر نیٹ خدمات کی بحالی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ مرکزی سرکار نے واضح کر دیا ہے کہ جموں کشمیر میں 2 جی انٹرنیٹ سروس ڈیجیٹل تعلیم لینے اور کورونا وائرس وبائی مرض کے دوران اہم عوامی خدمات فراہم کرنے کے لئے کافی ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق وزیر برائے امور داخلہ جے کشن ریڈی نے ایک تحریری جواب میں لوک سبھا کو مطلع کیا کہ انٹرنیٹ خدمات پہلے ہی فکسڈ لائن پر کشمیر میں دستیاب ہیں اور وہ بھی بغیر کسی رفتار کی پابندی کے، اور 2 جی موبائل ڈیٹا خدمات بھی کام کر رہی ہیں۔ مارچ کے بعد سے ہی سوشل میڈیا سائٹز تک رسائی پر پابندیاں بھی ختم کردی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ برس جموں و کشمیر میں مرکز کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی اور ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے کے گھنٹوں قبل جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی گئیں تھی۔ موبائل فون پر کم رفتار یا 2 جی انٹرنیٹ سروس 25 جنوری کو بحال کردی گئی تھی،انہوں نے کہا کہ ‘ای-لرننگ ایپس اور ایجوکیشن اور حکومت کی ای لرننگ ویب سائٹ، ای بک اور دیگر مطالعاتی مواد کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے 2 جی انٹرنیٹ کافی ہے۔’جواب میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی کم رفتار انتظامیہ کے راستے میں کسی بھی رکاوٹ کا باعث نہیں ہے۔ حکومت نے بار بار کہا ہے کہ خطے کو بہتر طور پر ملک کے ساتھ ضم کرنے، زیادہ سے زیادہ معاشی ترقی کو فروغ دینے اور ‘ملک دشمن عناصر’ اور پاکستان کے خطرات کو روکنے کے لئے اس طرح کے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔اگست میں حکومت نے "پابندی میں نرمی” کے ایک حصے کے طور پر گاندربل اور ادھم پور اضلاع میں تیز رفتار موبائل ڈیٹا سروس کو آزمائشی بنیادوں پر دوبارہ شروع کیا۔ لیکن 9 ستمبر کو مرکز نے دونوں اضلاع کے باہر تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ بڑھانے سے انکار کردیا۔

Comments are closed.