سرینگر/09ستمبر: قومی اردو کونسل نیٹ میڈیکل جیسے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لئے کتابیں لانے کی تیاری کررہی ہے جس سے ان امتحانات میں اردو میڈیم سے تیاری کرنے والے طلباء کو تیاری کرنے میں مدد ملے گی۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق قو می کونسل کے ڈائریکٹر شیخ عقیل احمد کا کہنا ہے کہ کونسل اس سلسلہ میں جامع نصاب بھی تیار کرے گی۔ دراصل میڈیکل کورسز میں داخلے کے خواہش مند طلبا و طالبات کے لیے قومی سطح پر منعقد ہونے والے نیٹ (NEET) امتحانات کے لیے اردو میں مواد کی فراہمی کے سلسلے میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی جانب سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا،جس میں اس حوالے سے بایولوجی،کیمسٹری اور فزکس پر طالبات کے لیے مفید کتابیں مرتب کرنے پر غور و خوض کیاگیا۔اس موقع پر کونسل کے ڈائریکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ بہت سے طلبا جو اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور وہ مستقبل میں ڈاکٹری کے شعبے میں جانا چاہتے ہیں انھیں نیٹ کے امتحانات کی تیاری میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جنھیں دور کرنے کے لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کونسل کی جانب سے ایک ایسا جامع نصاب مرتب کیا جائے جو ‘نیٹ’ کی تیاری میں اردو طلبا کے لیے معاون ہو اور اس کی مدد سے وہ ان امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے میڈکل کورسز میں داخلہ لے سکیں۔انھوں نے کہاکہ قومی اردو کونسل نہ صرف اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے مختلف قسم کی سرگرمیاں انجام دیتی ہے بلکہ اس کا ایک خاص مقصد یہ بھی ہے کہ اردو طلبا کو جدید تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ اردو زبان و ادب کے علاوہ ان کی خواہش کے مطابق دیگر علمی شعبوں میں بھی ان کی رہنمائی کی جائے اور اس سلسلے میں ان کی ہر قسم کی علمی وعملی مدد کی جائے تاکہ ان کا مستقبل روشن و محفوظ ہو سکے اور وہ قوم وملک کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید و کار آمد ثابت ہوسکیں۔ اسی مقصد کے پیش نظر کونسل کی جانب سے اردو کے علاوہ عربی،فارسی،خطاطی اور کمپیوٹرکے مختلف کورسز کروائے جاتے ہیں اور اب ہم طلبا کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کونسل کی جانب سے ‘نیٹ’ کی تیاری کے لیے بھی کتابیں شائع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اس ورکشاپ میں شرکا ء نے بایولوجی اور کیمسٹری پر تیار شدہ مواد کو دیکھنے کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے اس کو مزید بہتر بنانے کے امکانات کی نشان دہی کی اور کہا کہ بقیہ مواد بھی جلد ازجلد مرتب کرواکے گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد اس کی اشاعت کا فیصلہ کیا جائے گا۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.