تولہ مولہ سے سہہ پورہ گاندربل سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ

سڑک کی تجدید ومرمت کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

سرینگر/24اگست /کے پی ایس :وسطی ضلع گاندربل کے تولہ مولہ سے سہہ پورہ تک سڑک کی خستہ حالی سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس پر عوامی حلقے نالاںہیں ۔موصولہ تفصیلات کے مطابق مذکورہ سڑک اس قدر خستہ حال ہوچکی ہے کہ لوگوں کا عبور ومرور اور گاڑیوں کی آمد ورفت مشکل بن گئی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سڑک میں بڑے بڑے گڑھے ہوئے ہیں کہ ہلکی سی بارش سے بھی ان گڈھوں میں پانی جمع ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے اور مذکورہ سڑک پر سفر کرنا بھی دشوار بن جاتا ہے۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ ہم نے کئی بار اس معاملے کو محکمہ آر اینڈ بی کی نوٹس میں لایا کہ مذکورہ سڑک کی تجدید و مرمت عمل میں لائی جائے لیکن آج تک اس حوالے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے اور لوگوں کو بدستور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کے پی ایس کے نمائندے ریاض بٹ کومزید بتایا کہ مذکورہ سڑک تولہ مولہ کو دیگر علاقوں کے ساتھ ملاتی ہے لیکن بدقسمتی سے سڑک کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جاتی اور متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بن بیٹھا ہے ۔ اس ضمن میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر گاندربل سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے مشکلات کو مدنظر رکھ کر محکمہ آر اینڈ بی کومذکورہ سڑک پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کریں تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔

Comments are closed.