سرینگر /22اگست /کے پی ایس : شمالی کشمیر کے ضلع ہیڈ کواٹر کپوارہ سے صرف دو کلومیٹر کی دوری پر واقع وڈبُگ علاقہ کی رابطہ سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ۔سڑک کی خستہ حالی وجہ سے لوگوں کا عبور ومرور اورگاڑیوں کی آمد رفت محال بن گئی ہے جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مذکورہ رابطہ سڑک میں ایسے گھڑے اور خندق ہوئے ہیں کہ لوگوں کا پیدل چلنا محال بن گیا اورمذکورہ سڑک کی خستہ حالی سے کسی بھی وقت دلدوز حادثہ پیش آنے کا اندیشہ رہتا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ کپوارہ شاہراہ سے رڈ بُگ جانے والی سڑک اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ اس میں ایسے بڑے بڑے گڈھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر سفر کرنا بھی دشوار بن گیا اورسڑک کی خرابی کی وجہ سے گاڑیاں کچھوے کی چال چلتی ہیں اور چلتے چلتے ہچکولے کھاتی رہتی ہیں اور یہ صورتحال گاڑیوں میں سوار مسافروں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں ہوتا ہے ۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ان کے علاقہ کی رابطہ سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہے جو ہر ایک راہگیر اور متعلقہ محکمہ کے افسران کیلئے چشم کشا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے حوالے سے لوگوں نے متعددبار محکمہ آر اینڈ بی کے افسران کی نوٹس میں لایا اور ان سے گذارش کی گئی کہ متذکرہ سڑک پر میگڈم بچھایا جائے تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔ لیکن انہوں نے توجہ دینے کی زحمت گوارا نہیںکی ۔انہوں نے کہا کہ رڈ بُگ کے آس پاس گائوں بشمول شری پورہ ،کیگام اور وٹر کھنی کی سڑکوں پر میگڈم بچھانے کا کام شدومد سے جاری ہے اور کئی سڑکوں پر بچھایا بھی گیا لیکن مذکورہ سڑک کی خستہ حالی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ محکمہ کو مذکورہ سڑک پرمکمل طور میگڈم بچھانے کے احکامات صادر کرے تاکہ لوگ آئندہ مشکلات سے دوچار ہونے سے بچ جائیں ۔ اس سلسلے میں کشمیر پریس سروس نے ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی ڈویژن کپوارہ سے براہ راست فون پر بات کی تو موصوف نے رڈ بُگ کپوارہ سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سڑک حالت کو بھانپتے ہوئے اس کی تجدید ومرمت اور میگڈمائزیشن کیلئے محکمہ آر اینڈ بی ڈویژن کی جانب سے کئی بار درخواست پیش کی تاہم ابھی تک مذکورہ سڑک کی مرمت کیلئے فنڈس واگذر نہیں ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں سڑکوں کی میگڈمائزیشن کیلئے جو پروجیکٹ منظور کیا گیا ہے اس میں رڈبُگ روڑ شامل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے پروجیکٹوں میںمذکورہ روڈ کو شامل رکھنے پر زور دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی خستہ حالی اور لوگوں کے مشکلات کو ملحوظ نظر رکھ کر وہ اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور یقین دلایا کہ ترجیحی بنیادوں پر مذکورہ سڑک کی تجدید ومرمت اور میگڈمائزیشن کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.