جموں و کشمیر بینک کی طرف سے چھوٹے مُدرا قرضداروں کو 12مہینوں تک؛ شرح سود میں 2فیصد کی سبسڈی
سرینگر/ 13اگست : مرکزی سرکار کی طرف سے جاری راحتی پیکیج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے جموں و کشمیر بینک نے اہل مدرا شیشو قرضداروں کو 2فیصد انٹرسٹ سبسڈی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مراعاتی اسکیم کا مقصد اُن چھوٹے قرضداروں کے قرضوں پر شرح سود میں مزید 2فیصد سبسڈی دینا ہے جنہوں نے مُدرا شیشو کے تحت بینک سے پچاس ہزار روپے تک کے قرضے حاصل کئے ہیں۔ لیکن ایسے قرضے 31مارچ2020کو NPAزمرے میں نہیں ہونے چاہئے اور جہاں قرضدار ماہانہ سود کی ادائیگی باقاعدگی کے ساتھ کر رہا ہو اُن تک یہ سبسڈی پہنچائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پردھان منتری مُدرا یوجنا جو کہ Micro Units Development and Refinancing Agency (MUDRA) کے زیر سایہ ایک مالی قرضے کی اسکیم ہے کے تحت تین طرح کے قرضے دئے جاتے ہیں جن میںپچاس ہزار روپے تک شیشو قرضے کہلاتے ہیں، پچاس ہزار روپے سے لیکر پانچ لاکھ تک کے قرضے کشور کہلاتے ہیں اور پانچ لاکھ سے دس لاکھ روپے تک کے قرضے ترون قرضے کہلاتے ہیں۔ان میں مُدرا شیشو قرضے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ یہاں بہت چھوٹے طرز کے کارخانوں اور کاروباریوں کی حوصلہ افزائی کیلئے قرضے دئے جاتے ہیں اور انہی قرضوں پر اب بارہ مہینوں تک 2فی صد کی انٹرسٹ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ یہ راحت دینے والی اسکیم اول جون2020سے لیکر31 مئی 2021تک دی جائے گی البتہ جن قرضداروں نے کووڈ19کے تحت ماری ٹورئم حاصل کیا ہوا ہے انکے لئے یہ اسکیم اول ستمبر2020سے لیکر31اگست2021تک جاری رہیگی۔مرکزی سرکار کی اس پیکیج کے تحت ملک بھر کے لگ بھگ تین کروڑ لوگ مستفید ہونگے جنہیں پندرہ سو کروڑ روپے کی انٹرسٹ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
Comments are closed.