دنیا بھر میں کرونا کی قہر سامانیاں؛عالمی معیشت کو 5800 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ

سرینگر/06اگست: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویسے تو کرونا کیسزمیں کہیں کمی اور کہیں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے لیکن اس وائرس کے باعث ملکی اور عالمی معیشت کا پہیہ جام رہا ہے، کرونا کی وجہ سے عالمی معیشت کو 5800 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ 3 ماہ میں عالمی سطح پر معیشت کومجموعی طور پر 5800 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے،کرونا وبا سے ممکنہ معاشی نقصان پر اے ڈی بی کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث تین ماہ میں 5 ہزار 800 ارب ڈالر کے نقصان کا اندیشہ ہے،اور اگر ایسی صورتحال چھ ماہ تک رہی تو نقصانات 8 ہزار 800 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں، جس کے باعث عالمی سطح پر معاشی ترقی کی شرح 9.7 فیصد تک متاثر ہوسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے میں ایشیا کا حصہ 30 فیصد ہوگا، اے ڈی بی کے مطابق عالمی سطح پر پیداوار 1700 ارب ڈالر سے 2500 ارب ڈالر تک متاثرہوسکتی ہے،عالمی سطح پر 15 سے 24 کروڑ افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں جبکہ صرف ایشیا میں 10 سے 16 کروڑ افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر حالات یہی رہے تو چھ ماہ میں 5 کروڑ سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے،ان حالات میں عام آدمی اور صنعتکاروں کو حکومت کی مدد کی اشد ضرورت ہو گی۔ملک بھر میں کرونا وائرس سے چوبیس گھنٹے میں چھ سو پچہتر کیسز رپورٹ ہوئے متاثرین کی تعداد دو لاکھ اکیاسی ہزار ایک سو چھتیس ہوگئی،وائرس سے مزید پندرہ افراد چل بسے، ملک میں اموات چھ ہزار چودہ ہوگئی ہیں۔

Comments are closed.